وزیراعظم کی "نشان پاکستان” لینے سے معذرت، اپنا نام فہرست سے نکال دیا

0

اسلام آباد: ایوانِ صدر میں آج ایک باوقار تقریب کے دوران صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مختلف سول و عسکری شخصیات کو اعلیٰ اعزازات سے نوازا۔

ذرائع کے مطابق سول و ملٹری ایوارڈز کمیٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کا نام ملک کے سب سے بڑے سول اعزاز "نشانِ پاکستان” کے لیے تجویز کیا تھا، تاہم وزیراعظم نے خود اپنا نام اس فہرست سے نکال دیا اور دیگر تمام ناموں کی منظوری دے دی۔

دوسری جانب معروف سینئر صحافی اور دی نیوز کے ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصار عباسی نے "معرکۂ حق” ایوارڈ لینے سے معذرت کر لی۔ انہوں نے کابینہ ڈویژن کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ پوری قوم کا حق ہے، انہوں نے کوئی غیر معمولی کام نہیں کیا بلکہ صرف اپنا پیشہ ورانہ فرض ادا کیا۔

ایوان صدر کی تقریب میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر دفاع خواجہ آصف، اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کو "نشانِ امتیاز” سے نوازا گیا۔ اسی طرح وزیراعظم کی بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کو بھی اعلیٰ اعزاز سے نوازا گیا۔

مزید برآں، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزراء احسن اقبال، شیری رحمان، فیصل سبزواری، مصدق ملک، اور حنا ربانی کھر کو بھی مختلف سول اعزازات دیے گئے۔ سابق سفارتکار طارق فاطمی اور وزیر خرم دستگیر خان کو بھی اعلیٰ سول ایوارڈز سے نوازا گیا۔

عسکری قیادت کو بھی خصوصی اعزازات سے سرفراز کیا گیا۔ بھارت کے خلاف "معرکۂ حق” میں مسلح افواج کی قیادت اور مؤثر جنگی حکمت عملی کے اعتراف میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کو "ہلالِ جُرأت” جبکہ ائیر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو کو "ہلالِ امتیاز” سے نوازا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.