گلگت بلتستان میں یومِ آزادی کی مناسبت سے خصوصی کوہ پیمائی مہم کامیابی سے مکمل

0

محکمہ سیاحت و ثقافت، حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر "یومِ آزادی معرکۂ حق” کے عنوان سے ایک خصوصی کوہ پیمائی مہم کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی گئی۔ اس مہم کا مقصد نہ صرف تحریکِ آزادی کے ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا بلکہ دنیا کو یہ پیغام دینا بھی تھا کہ گلگت بلتستان امن، قربانی، سیاحت اور فطری حسن کا گہوارہ ہے۔

یہ مہم جولائی کے آخری ہفتے میں گلگت بلتستان کی بلند و بالا اور دلکش چوٹیوں کی جانب روانہ کی گئی، جس میں ملکی و غیر ملکی کوہ پیماؤں نے جوش و جذبے سے حصہ لیا۔ یہ پہاڑیاں نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے لیے قدرتی عجائبات کی حیثیت رکھتی ہیں۔

اس منفرد مہم کا مقصد یومِ آزادی کو صرف روایتی تقریبات تک محدود رکھنے کے بجائے، پاکستان کے مثبت اور پرامن تشخص، اس کی فطری خوبصورتی اور سیاحتی مواقع کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا تھا۔ "معرکۂ حق” کا نام دے کر ان عظیم قربانیوں کو یاد کیا گیا جن کے باعث گلگت بلتستان کے مجاہدین نے ڈوگرہ راج کے خلاف علمِ بغاوت بلند کیا اور اس خطے کو پاکستان کا حصہ بنایا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ٹورازم گلگت بلتستان، اقبال حسین نے اپنے پیغام میں کہا:
"یومِ آزادی صرف ایک دن نہیں بلکہ ہماری قومی شناخت، اتحاد، اور قربانیوں کی علامت ہے۔ ہم دنیا کو یہ دکھانا چاہتے ہیں کہ پاکستان ایک پرامن، ترقی پسند اور سیاح دوست ملک ہے۔ یہ مہم نہ صرف ہمارے قومی جذبے کی عکاس ہے بلکہ عالمی سیاحت کو فروغ دینے، مقامی معیشت کو مستحکم کرنے اور پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔”

Leave A Reply

Your email address will not be published.