اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے اندرونی حلقوں میں اس وقت کشیدگی پیدا ہو گئی ہے، جب سابق سینیٹر ثانیہ نشتر کی خالی کردہ نشست پر نئے امیدوار کے انتخاب کے حوالے سے مختلف آرا سامنے آئیں۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے مشعال یوسفزئی کو اس نشست کے لیے امیدوار نامزد کیا ہے، لیکن ان کی یہ تجویز علیمہ خانم کی جانب سے مخالفت کا سامنا کر رہی ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علیمہ خانم نے مشعال یوسفزئی کے کاغذات نامزدگی کی مخالفت کرتے ہوئے دو متبادل امیدواروں کے نام تجویز کیے ہیں۔
یہ بھی رپورٹ ہوا ہے کہ مشعال یوسفزئی کو عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مکمل حمایت حاصل ہے، جب کہ علیمہ خانم کی جانب سے پرویز خٹک کی رشتہ دار ساجدہ ذوالفقار اور ایک سابق پارٹی رکن فدا محمد کی رشتہ دار کے نام پر غور کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پارٹی کے بعض حلقے سمیرا شمس اور مومنہ باسط کے لیے بھی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس سے سینیٹ کی اس نشست پر سیاسی رسہ کشی مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ صورتحال پی ٹی آئی کی اندرونی صف بندیوں اور باہمی اعتماد کے فقدان کی عکاسی کرتی ہے، جس کا اثر آئندہ پارٹی پالیسی اور سینیٹ انتخابات پر بھی پڑ سکتا ہے۔
