گھر میں سوا کروڑ کی چوری کا ماسٹر مائنڈ کون نکلا؟
لاہور: جوہر ٹاؤن میں ایک کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی چوری کی واردات میں ملوث ملزمان گرفتار کر لیے گئے، جن میں مرکزی کردار گھر کا سابق ڈرائیور نکلا۔
پولیس کے مطابق جوہر ٹاؤن کے ایک گھر میں چند روز قبل ہونے والی واردات میں نقدی، سونا، غیر ملکی کرنسی اور قیمتی سامان چوری کیا گیا تھا۔ تفتیش کے دوران پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے واردات میں ملوث دو افراد کو گرفتار کیا، جن میں سے ایک کی شناخت علی رضا کے نام سے ہوئی، جو ماضی میں اسی گھر میں بطور ڈرائیور ملازم تھا۔
ایس پی صدر کے مطابق علی رضا نے اپنے دوست راشد کے ساتھ مل کر منصوبہ بنایا اور گھر کے افراد کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے واردات کو عملی شکل دی۔ دونوں ملزمان نے مشترکہ طور پر تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کا سامان چوری کیا، جس میں سونا، قیمتی گھڑیاں، نقدی اور غیر ملکی کرنسی شامل تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 40 ہزار سعودی ریال، 25 تولے سونا، قیمتی گھڑیاں اور ایک پستول برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں بھی ایسی ہی ایک واردات سامنے آئی تھی، جہاں سابق ڈرائیور نے ایک گھر سے ایک کروڑ روپے اور 80 تولے سونا چوری کیا تھا۔ پولیس نے اسے اوکاڑہ سے گرفتار کر کے مال مسروقہ برآمد کر لیا تھا۔
پولیس حکام شہریوں کو مشورہ دے رہے ہیں کہ گھریلو ملازمین کی بھرتی سے قبل مکمل کوائف کی تصدیق اور ریکارڈ مرتب کرنا انتہائی ضروری ہے۔