وزیراعظم 3 جولائی کو آذربائیجان کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے

0

وزیراعظم 3 جولائی کو آذربائیجان کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے
ا سلام آ باد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف کل آذر بائیجان کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گےجہاں وہ اقتصادی تعاون تنظیم ( ای سی او ) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ڈان نیوز نے دفترخارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلیزکے حوالے سے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کل ( 3 جولائی ) کو آذر بائیجان کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گےجہاں وہ اقتصادی تعاون تنظیم ( ای سی او ) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
سربراہی اجلاس آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں 3 تا 4 جولائی منعقد ہوگا جس میں وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کے وفد کی قیادت کریں گے۔ای سی او کے اس سربراہی اجلاس کا موضوع ’ پائیدار اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے والے مستقبل کیلئے ای سی او کا نیا وژن’ ہے۔
سربراہی اجلاس کے دوران وزیرِاعظم علاقائی اور عالمی سطح پر درپیش اہم چیلنجز کے بارے میں پاکستان کا نقطۂ نظر پیش کریں گے،اور ای سی او وژن 2025 سے پاکستان کی وابستگی کا اعادہ کریں گے۔
وزیراعظم علاقائی تجارت، ٹرانسپورٹ رابطہ کاری، توانائی کے شعبے میں تعاون اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کی وکالت بھی کریں گے۔
وزیرِاعظم اجلاس کے موقع پر ای سی او کے دیگر رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.