امریکی صدر نتین یاہو کیخلاف عدالتی کارروائی پر تلملا اٹھے
امریکا اس عدالتی کارروائی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا،ٹرمپ
(نیوز ڈیسک)امریکی صدر اسرائیلی وزیراعظم کیخلاف عدالتی کارروائی پرتلملا اٹھے۔
سوشل میڈیا پوسٹ پر ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا نیتن یاہو یرغمالیوں کی رہائی کیلئے ڈیل کی کوششیں کررہے ہیں۔ عدالتی کارروائی ایران اور حماس سے ڈیل میں رکاوٹ بنے گی ۔ امریکا اس عدالتی کارروائی کو ہرگزبرداشت نہیں کرے گا۔
اس سے قبل 26 جون کو بھی ڈونلڈ ٹرمپ نے نیتن یاہو کے دفاع میں سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ یہ پہلاموقع ہے کہ موجودہ اسرائیلی وزیراعظم کا سیاسی مقدمے میں ٹرائل کیا جارہا ہے، یہ سن کر حیران ہوں، سنا ہے نیتن یاہو کو پیر کے روز عدالت میں طلب کیا گیا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو مئی2020 سے جاری طویل مقدمے کا سامنا کررہے ہیں، اسرائیلی ریاست حال ہی میں تاریخ کے ایک عظیم ترین لمحے سےگزری ہے، نیتن یاہو اور میں ایران جیسے دشمن سےلڑنےکے مشکل ترین لمحے سےگزرے۔
امریکی صدر نے مزید کہا ایک ایسے شخص کے خلاف کارروائی جنہوں نے اتنا کچھ کیا یہ میرے لیے ناقابل تصور ہے، نیتن یاہو پر متعدد غیر منصفانہ الزامات لگائے گئے ہیں تاکہ انہیں نقصان پہنچایا جائے، نیتن یاہو کے ٹرائل کا عمل فوری منسوخ کیا جائے، انہیں معافی دی جائے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ امریکا ہی تھا جس نے اسرائیل کو بچایا اور اب نیتن یاہو کو بچانے جارہا ہے، انصاف کی اس بگڑی ہوئی صورت کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
