اسلام آباد (نیوز ڈیسک) – راولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کے انتخابات مکمل ہو گئے، جس میں ابوبکر بن طلعت بلامقابلہ صدر منتخب ہوئے جبکہ سید ارسلان شیرازی کو جنرل سیکریٹری منتخب کر لیا گیا۔
دیگر منتخب عہدیداران میں ناصر عباس نقوی فنانس سیکریٹری، اور ذوالفقار بیگ سینئر نائب صدر شامل ہیں۔ انتخابی عمل میں رسجا کے 59 ممبران نے متفقہ طور پر پینل کی حمایت کی، جو تنظیم کے اندر مکمل ہم آہنگی اور اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
ایگزیکٹو باڈی کے لیے بھی باصلاحیت ارکان کا انتخاب عمل میں آیا، جن میں ذیشان قیوم، فہیم انور خان، افضل جاوید، زاہد فاروق ملک، ناصر اسلم راجہ، سہیل راجہ، ارفع فیروز ذکی، کرن خان، اویس عباسی اور فرحان جعفری شامل ہیں۔
رسجا انتخابات کے نتائج کا باضابطہ اعلان چیئرمین الیکشن کمیٹی شہریار خان نے کیا، جنہوں نے پرامن اور شفاف انتخابی عمل کو کامیابی سے مکمل کرانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
نومنتخب قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ کھیلوں کی صحافت کے فروغ اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔