اسلام آباد: پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسکواش اسٹار محمد عماد نے جان شیر خان اسکواش ٹورنامنٹ 2025 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں انہوں نے انس علی شاہ کو سخت مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں تین سیٹس سے شکست دی۔
اسلام آباد میں منعقدہ اس ایونٹ کے فیصلہ کن مقابلے میں محمد عماد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11-4، 11-6، 7-11 اور 11-5 سے کامیابی حاصل کی۔ فائنل کا یہ دلچسپ مقابلہ 38 منٹ تک جاری رہا۔
یہ محمد عماد کا مسلسل دوسرا پی ایس اے سیٹلائٹ ٹائٹل ہے، جس سے ان کی فارم اور مہارت کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ نوجوان کھلاڑی نے اس کامیابی کے ساتھ نہ صرف مداحوں کے دل جیتے بلکہ مستقبل میں عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے امکانات کو بھی مضبوط کر دیا ہے۔
ٹورنامنٹ کا انعقاد اسکواش لیجنڈ جان شیر خان کے نام سے منسوب کیا گیا تھا، جس کا مقصد پاکستان میں اسکواش کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو ابھارنے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا۔