ملک حالتِ جنگ میں ہے، گلگت بلتستان کے نوجوان پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں: جی بی یوتھ موومنٹ
گلگت (مصعب خالق) – گلگت بلتستان یوتھ موومنٹ کے رہنماؤں نے جمعرات کے روز گلگت سنٹرل پریس کلب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں پاکستان حالتِ جنگ میں ہے اور ملک کے دفاع کے لیے ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
یوتھ موومنٹ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے بے گناہ شہریوں، مساجد اور سول آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور اخلاقی اقدار کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مظالم کا بھرپور جواب دینا ضروری ہے اور پاک فوج کو بھارتی جارحیت کے خلاف سخت جوابی کارروائی کرنی چاہیے۔
رہنماؤں نے واضح کیا کہ گلگت بلتستان کے عوام ریاست پاکستان کے وفادار ہیں اور دفاع وطن کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ "ہم بغیر وردی کے سپاہی ہیں اور دشمن کے خلاف پاک فوج کے ساتھ ہر محاذ پر موجود ہوں گے”، انہوں نے کہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ایک دہشتگرد ریاست ہے، جس کے وزیر اعظم نریندر مودی گجرات اور کشمیر میں خون کی ہولی کھیلتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی درحقیقت اسلام اور کفر کے درمیان معرکہ ہے، جس میں فتح انشاءاللہ اسلام کی ہوگی۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر گلگت بلتستان کے نوجوانوں نے ملک کے دفاع اور پاک فوج کے ساتھ عملی تعاون کا عزم دہرایا۔
