لاہور — سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) نے گیس چوری کے خلاف جاری مہم کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں مزید 387 غیر قانونی کنکشن منقطع کر دیے ہیں، جبکہ چوروں پر 42 لاکھ روپے سے زائد کے بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق لاہور ریجن میں غیر قانونی گیس استعمال پر 124 اور کمپریسر کے غیر قانونی استعمال پر 2 کنکشن منقطع کیے گئے، جن پر 19 لاکھ 30 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ فیصل آباد میں 43 کنکشن کاٹے گئے اور 4 لاکھ 70 ہزار روپے کا جرمانہ کیا گیا۔
شیخوپورہ میں 7 کنکشن منقطع کیے گئے اور 3 لاکھ 10 ہزار روپے کا جرمانہ عائد ہوا، جبکہ ملتان میں گیس چوری کے 79 اور کمپریسر کے استعمال پر 37 کنکشن منقطع کیے گئے۔
بہاولپور میں ٹیم نے 10 غیر قانونی گیس کنکشن اور 79 کمپریسر استعمال کرنے والوں کے کنکشن کاٹے۔ ساہیوال میں 5 کیسز پر کنکشن منقطع کیے گئے اور 12 لاکھ 60 ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ گوجرانوالہ میں 1 کنکشن کاٹا گیا اور 2 لاکھ 50 ہزار روپے کا جرمانہ کیا گیا۔
سوئی ناردرن حکام کے مطابق گیس چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رہے گا اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ گیس کے غیر قانونی استعمال کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ دفاتر کو دیں۔