نادرا کا رجسٹریشن اور بائیومیٹرک نظام کو جدید بنانے کا اقدام، پیدائش و اموات کا اندراج اب موبائل ایپ کے ذریعے ممکن

0

اسلام آباد (30 اپریل 2025) — نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے نیشنل رجسٹریشن اینڈ بائیومیٹرک پالیسی فریم ورک کی عملدرآمد کمیٹی کے دوسرے اجلاس کا انعقاد نادرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں کیا۔ اجلاس میں ملک بھر میں رجسٹریشن نظام کو مؤثر اور جدید بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نادرا نے بتایا کہ نادرا نے شہریوں کی آسانی کے لیے ایک جدید موبائل ایپ تیار کر لی ہے، جس کے ذریعے پیدائش، وفات اور ازدواجی حیثیت میں تبدیلی کا اندراج آن لائن کیا جا سکے گا۔ یہ سہولت ابتدائی طور پر پنجاب میں متعارف کرائی جا رہی ہے۔

چیئرمین نادرا کے مطابق پنجاب کی تمام یونین کونسلوں میں بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ اسلام آباد کی یونین کونسلوں میں ون ونڈو کاؤنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں، جہاں شہریوں کو نادرا کی تمام سہولیات ایک ہی جگہ پر دستیاب ہوں گی۔

اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین نے بائیومیٹرک پالیسی کی تیاری پر کام کرنے والی ذیلی کمیٹی کی پیش رفت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پالیسی کا مسودہ زیرغور ہے، جس پر مختلف اسٹیک ہولڈرز کی آراء کی روشنی میں نظرثانی کی جائے گی۔

اس موقع پر مقامی حکومت کے افسران کے لیے ایک خصوصی سیشن بھی منعقد کیا گیا جس میں سی آر ایم ایس موبائل ایپ کا تفصیلی ڈیمو پیش کیا گیا۔

اجلاس میں مختلف وفاقی وزارتوں، پی ٹی اے، ایف آئی اے، ایس ای سی پی، سی ڈی اے، الیکشن کمیشن، اور صوبائی و ضلعی نمائندوں نے شرکت کی۔ کچھ ادارے، بشمول سندھ، بلوچستان، اور گلگت بلتستان کے آئی ٹی بورڈز نے آن لائن شرکت کی۔

نادرا کی جانب سے یہ اقدامات ڈیجیٹل گورننس اور شہری خدمات کی بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیے جا رہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.