کراچی (ڈائریکٹوریٹ آف پریس انفارمیشن) — سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) نے ڈائریکٹر جنرل محمد اسحاق کھوڑو کی ہدایات پر ضلع وسطی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف فیصلہ کن کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد اضافی منزلوں، غیر قانونی پورشنز اور استعمال اراضی کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں منہدم اور سربمہر کر دیا۔
ایس بی سی اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے ابتدائی چار ماہ میں کراچی بھر میں 579 قانونی کارروائیاں ریکارڈ کی گئیں، جن میں ضلع وسطی میں 348، ایسٹ میں 140، ساؤتھ میں 57، کورنگی 25، ویسٹ اور کیماڑی میں 4، جبکہ انڈسٹریل زون میں 1 کارروائی شامل ہے۔
کارروائیوں کے دوران لیاقت آباد، ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، نارتھ کراچی، بفرزون، نارتھ ناظم آباد اور دیگر علاقوں میں چوتھی، پانچویں اور چھٹی منزلوں کی خلاف ورزیوں پر RCC چھتیں، پارٹیشن دیواریں اور دیگر تعمیرات منہدم کر دی گئیں۔ بعض مقامات پر عدالت کے حکم کی روشنی میں اقدامات کیے گئے۔
ڈیمالیشن اسکواڈ کی کارروائیاں متعلقہ افسران کی نگرانی میں مکمل ہوئیں، جبکہ موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے علاقہ پولیس اور ایس بی سی اے فورس بھی موجود رہی۔
ایس بی سی اے نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی شہر کے دیگر اضلاع میں بھی تیز کر دی گئی ہے اور کسی کو بھی قانون شکنی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔