
بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کے معاملے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سینیٹر عرفان صدیقی نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری اپنے اپنے بیان میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ جعفر ایکسپریس پر حملے اور سیکڑوں مسافروں کے اغوا کی مذمت کے بجائے، عمران خان کا اپنا بچا کھچا وزن، خواتین اور معصوم بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے دہشت گردوں کے پلڑے میں ڈال دینا نہایت ہی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔
عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ اُٹھتے بیٹھتے دوسروں کو اپنی حدود یاد دلانے والے کی اپنی بھی کچھ حدود ہیں یا نہیں؟
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں ملک دشمنوں کی جانب سے بدامنی پھیلانے کے سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور جانے والی ٹرین (جعفر ایکسپریس) پر حملہ کر کے مسافروں کو یرغمال بنالیا گیا تھا تاہم سیکیورٹی فورسز نے بزدل دشمن سے 190 مسافروں کو رہا کروالیا جبکہ آپریشن میں 30 دہشت گردوں کو جہنم واصل اور متعدد کو زخمی کر دیا تھا۔
بلوچستان میں دہشت گردی کا یہ افسوس ناک واقعہ مچھ میں گڈا لار اور پیرو کنری کے درمیانی علاقے میں پیش آیا تھا، جہاں کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور بھی زخمی ہوگیا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ بولان کے پاس ڈھاڈر کے مقام پر دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کر کے معصوم شہریوں کو ٹارگٹ کیا تھا، دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس کو ٹنل میں روک کر مسافروں کو یرغمال بنایا تھا۔
انتہائی دشوار گزار اور سڑک سے دور ہونے کے باوجود سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا تھا، یرغمالیوں میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی تھی۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ دہشت گرد بیرون ملک اپنے سہولت کاروں سے بھی رابطے میں تھے، دہشت گردوں کے خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رکھا گیا۔