تحریر :سیف اعوان
.وزیر اعلیٰ نے اقتدار سنبھالتے ہی مہنگائی پر قابو پانے کے اقدامات کئے سعودی تجارتی وفد سے ملاقات پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کی بڑی کاوش ہے صوبے کی باصلاحیت طالبات کیلئے ٹیبس اور ای بائیکس کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے
یہ پنجاب کی خوش قسمتی ہے کہ اسے مریم نوازکی صورت میں ایک ایسی کہنہ مشق وزیر اعلیٰ میسر آئی ہے جس نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی اس صوبے کی خوشحالی اور ترقی کیلئے ان گنت اقدامات کا آغاز کر دیا ہے ۔مریم نواز جو پاکستان کے ایک ایسے سیاسی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں جس کی پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ناقابل فراموش خدمات ہیں ۔مریم نواز کے والد میاں محمد نواز شریف نے ماضی میں دو بار وزیراعلیٰ پنجاب اور تین بار پاکستان کے وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دیں اوران کے علاوہ مریم نواز کے چچا شہباز شریف بھی پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز رہے ۔اس کے بعد شہبا زشریف کو پاکستان کے وزیر اعظم کے عہدے پر فائز ہونے کا موقع ملا جس پر وہ ابھی تک خدمات انجام دے رہے ہیں ۔
مریم نواز نے اقتدار سنبھالتے ہی اپنی کابینہ کو 100 دن کا ٹارگٹ دیا جس میں انہوں نے انقلابی اقدامات کئے ۔ان اقدامات میں انہوں نے بلاناغہ پنجاب کے تمام سرکاری اداروں کا دورہ کیا اور وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔صوبے میں عوام کی بہترین اور بے لوث خدمت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے جو اقدامات کئے ان میں مہنگائی اور بیروزگاری کا خاتمہ ان کے سب سے اولین اہداف تھے ۔مریم نواز نے صوبے کے مختلف شہروں میں قائم تنوروں کا دورہ کیا اور وہاں فروخت ہونے والی روٹی کا وزن اور معیار بھی چیک کیا ۔اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے انہوں نے تمام تنوروں پر روٹی کے نرخ 20 روپے میں کمی کرتے ہوئے فوری طور پر اس کے نرخ 14 روپے مقرر کئے جبکہ نان کے نرخوں میں بھی واضح کمی کے احکامات جاری کئے ۔اس کے ساتھ ساتھ آٹے ، چینی ، گھی ، دالوں اور روز مرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں بھی فوری کمی کرائی جس سے غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے عوا م کو بہت بڑاریلیف میسر آیا ۔
مریم نواز نے جس وقت اپنے عہدے کا حلف سنبھالا اس وقت رمضان المبارک چند روز کی دوری پر تھا ۔ماہ مقدس کی آمد کے پیش نظر مریم نواز نے حکومت پنجاب کی جانب سے عوام کیلئے پہلے رمضان پیکج کا اعلان کیا اور محکمہ خزانہ کو احکامات جاری کئے کہ وہ فوری طو رپر رمضان پیکج کیلئے 30 ارب کی خطیر رقم فراہم کرے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری ہونے والے اس پیکج سے 65 لاکھ گھرانے اور ساڑھے تین کروڑ سے زائد افراد مستفید ہوئے۔صحت کا شعبہ جو ہر دور میں حکومتی توجہ کا متقاضی رہا ہے اس میں اصلاحات لانے کیلئے تاریخ میں پہلی بار فیلڈ ہسپتالوں کا قیام عمل میں لایا گیا جس کے تحت صوبے بھر کے عوام کو ان کی چوکھٹ پر صحت کی سہولیات فراہم کی گئیں ۔مریم نواز کے احکامات کی روشنی میں دل کے مریضوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کا آغاز کیا گیا جس سے متعدد مریض مستفید ہو رہے ہیں ۔
پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے مریم نواز کی جانب سے تیز اور انقلابی اقدامات جاری ہیں ۔گزشتہ دنوں سعودی عرب سے ایک بڑے تجارتی وفد نے پاکستان کادورہ کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کی ۔مریم نواز نے سعودی وفد کو ملاقات میں اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ان کیلئے پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے دروازے کھلے ہیں اور پنجاب حکومت انہیں دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی سرمایہ کاروں کیلئے پنجاب میں سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع موجود ہیں، پنجاب میں سعودی انویسٹرز کیلئے ایگریکلچر، لائیو سٹاک، آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام میں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع موجود ہیں،پنجاب میں توانائی ، صنعت و حرفت ،سیاحت اور ٹیکسٹائل جیسے شعبوں میں حکومت کی جانب سے سعودی سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا کیونکہ سعودی عرب پاکستان کا انتہائی قابل احترام برادر اسلامی ملک ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں اس نے پاکستان کے ساتھ جو تعاون کیا ہے وہ قابل قدرہے ۔
تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے ای ویژن کو مدنظر رکھتے ہوئے ”بیداری ” کی طالبات کے 36 رکنی وفدسے خصوصی ملاقات کی ۔وفد کی سربراہی ”بیداری ” کی چیف ایگزیکٹو عنبرین عجائب نے کی جنہوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو تنظیم کی خدمات کے حوالے سے مفصل آگاہی فراہم کی ۔ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا طالبات کیلئے رویہ انتہائی شفقت سے بھرپور تھا ۔انہوں نے ملاقات کے دوران سپیشل طالبات کو اپنے پاس بٹھائے رکھا ،اس کے ساتھ پنجاب بھر کے سکولوں میں عالمی یوم گرلز منانے کا بھی اعلان کیا گیا ۔طالبات کی جانب سے فرمائش کی گئی کہ انہیں تعلیمی مقاصد کے حصول اور اپنی درسگاہوں تک آسان رسائی کیلئے موٹر بائیکس فراہم کی جائیں جس پر عوام دوست وزیر اعلیٰ نے دونوں مطالبات تسلیم کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر ٹیبس اور ای بائیکس دینے کا اعلان کیا ۔انہوں نے اس موقع پر بتایاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے پنجاب کے طلبہ کیلئے سکالر شپ لیپ ٹاپس اور ای بائیکس سمیت دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے جو بہت جلد پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گے اور تعلیم کے حصول کی خواہشمند طالبات کی یہ خواہش بھی پوری ہوجائے گی ۔وزیر اعلیٰ نے طالبات کو سیفٹی ایپ، سی ایم سکول میل پروگرام کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اور ان کی افادیت پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرنے والی طالبات نے بھی مریم نواز کی کارکردگی کی بھرپور انداز میں تعریف کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی ایسے اقدامات جاری رکھیں گی جن سے پنجاب کی تقدیر بدلنے میں مدد ملے گی ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ وہ اس صوبے اور صوبے کے عوام کیلئے انقلابی اقدامات کرنے کے حوالے سے شہرت رکھتی ہیں ۔ماضی میں ملک میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے پنجاب میں قیام امن کے حوالے سے پولیس حکام سے بھی ملاقاتیں کیں اور انہیں پنجاب میں امن و امان یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کیں ۔تاریخ گواہ ہے کہ شرپسندوں کی جانب سے محرم الحرام جیسے مہینے میں سازشوں کے ذریعے شیعہ سنی بھائیوں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے ۔جلوسوں کے دوران شرپسندوں کی جانب سے بے گناہ مسلمانوں کو نشانہ بنا کر صوبے میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی جاتی رہی ہے ۔مریم نواز شریف نے اس حوالے سے تمام حالات کو مدنظر رکھ کر سکیورٹی حکام کو محرم الحرام اور خاص طور پر یوم عاشور کے روز سکیورٹی انتظامات فول پروف بنانے کے احکامات جاری کئے ۔ان احکامات کی روشنی میں پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز نے صوبے میں محرم الحرا م کے دوران سخت سکیورٹی انتظامات کئے ، مجالس اور جلوسوں کی خصوصی نگرانی کی گئی جس کے نتیجے میں محرم الحرام کا مہینہ انتہائی پرسکون انداز میں اختتام پذیر ہوا اور صوبے بھر میں کسی ناخوشگوار واقعے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔
ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات ملک بھر سمیت پنجاب پر بھی ہوتے ہیں ۔ماضی میں سرد موسم کا آغاز ہوتے ہی پنجاب میں سموگ کے بادل آسمان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا کرتے تھے جس سے ماحولیاتی طور پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوتے تھے ۔عوام متعدد امراض کا شکار ہو جاتے تھے جس سے ان کی روزمرہ اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوتی تھیں ۔اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے فوری طور پر اینٹی سموگ سکواڈ کا قیام عمل میں لایا گیا جس کو سموگ جیسے حالات سے نمٹنے کیلئے گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں او ر دیگر ضروری سامان فراہم کر دیا گیا تاکہ پنجاب میں سموگ پیداہونے کی وجوہات کو کنٹرول کیا جاسکے اور ایسا صاف ستھرا ماحول پیدا کیا جائے کہ عوام ایک تازہ ، صاف ستھری فضا میں سانس لے سکیں اورسانس کے موذی امراض سے محفوظ رہ سکیں ۔انہوں نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ سکولوں میں سموگ کو بطور مضمون پڑھایا جائے گا اور سرکاری سکولوں میں ہر ماہ سموگ کے حوالے سے ایک تھیم رکھی جائے گی تاکہ عوام اس موذی مرض کے حوالے سے آگاہ رہ سکیں اور کسی بھی قسم کی موذی بیماری کا شکار نہ ہوں ۔اس کے علاوہ ایک اہم اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ ان کے احکامات کی روشنی میں دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں کی بذریعہ کیمرا مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ،قصور میں چاولوں کی ملوں پر دھویں کو کنٹرول کرنے والے آلات نصب کئے جا چکے ہیں ،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی ای میپنگ کی جا رہی ہے تاکہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے حوالے سے اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی صورت میں آج پنجاب کو ایسی مخلص اور فعال قیادت میسر آ چکی ہے جو حقیقی معنوںمیں اس صوبے کے عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے ۔عام انتخابات میں پنجاب کے عوام نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس سے اس بات کاثبوت ملتا ہے کہ وہ حقیقی معنوں میں ایک ایسی لیڈر بن کر سامنے آئی ہیں جن پر عوام خلوص دل سے اعتماد اور اعتبار کرتے ہیں ۔ماضی میں ملک کے اس بڑے صوبے کے ساتھ جو زیادتیاں ہوتی رہیں مریم نواز کے برسراقتدار آنے کے بعد اب امید پیدا ہوچکی ہے کہ آنے والے دنوں میں پنجاب میں ترقی اور خوشحالی کے اس دور کا آغاز ہوگا جس کی مثالیں کسی اور صوبے میں دیکھنے کو نہیں ملیں گی ۔ مریم نواز کی ان عوامی خدمات کا اعتراف پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا کے دیگر ممالک کے سیاستدان بھی کر رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں جس رفتار سے ترقی ہو رہی ہے وہ پوری دنیا کے ممالک کیلئے ایک روشن مثال ہے کہ جب ایک لیڈر عوامی خدمت کے جذبے سے اپنے ذاتی مفادات کو فراموش کر کے ، مشکلات کے دریا عبور کر کے میدان میں آتا ہے تو عوام کے ساتھ ساتھ اللہ کی مدد بھی اس کے ساتھ شامل ہوجاتی ہے ۔مریم نواز حقیقی معنوں میں ایک ایسی پرعزم اور نڈر خاتون لیڈر ہیں جو اس صوبے کی ترقی کیلئے دن رات ان تھک محنت کر رہی ہیں اور بہت جلد پنجاب کا شمار دنیا کے ان صوبوں میں کیا جانے لگے گا جس کی خوشحالی اور ترقی کی عوام مثالیں دیا کریں گے ۔