نبی ﷺ کی تعلیمات ملکی مسائل کے حل کی کنجی ،وزیر اعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو مشعل راہ بنانا ملک کے تمام مسائل کے حل کی کنجی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کی بنیاد پر معاشرتی انصاف اور فلاحی ریاست کا قیام ہی ترقی کا ضامن ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ نبی ﷺ کی سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہو کر دنیا میں امن، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اس مبارک دن پر نبی ﷺ کے اسوہ حسنہ کی پیروی کرتے ہوئے محبت، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔
شہباز شریف نے اس موقع پر قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ معاشرے میں گالی گلوچ، عدم برداشت، بدکلامی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑنے میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تفرقہ بازی اور تقسیم دشمن کا ایجنڈا ہے جسے مل کر ناکام بنانا ہوگا۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ عاشق رسول ہونے کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ ہمارے ہاتھ اور زبان سے کسی کو تکلیف نہ پہنچے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام کی بہترین تبلیغ یہ ہے کہ ہم اسوہ حسنہ کے مطابق اپنی زندگیاں بسر کریں۔
شہباز شریف نے اسلامی تاریخ کے روشن پہلو کو یاد رکھتے ہوئے پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا، جہاں ہر شخص کو انصاف اور مساوی حقوق مل سکیں۔
محفل میلاد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین اور پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ مفتی نعیم بٹ نے سیرت نبوی ﷺ پر خطاب کرتے ہوئے نبی ﷺ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
غزہ جنگ بندی معاہدےکیلئے ہونیوالے مذاکرات نہایت مشکل ،سیکرٹری جنرل یو این