
مظفرآباد(نیوز ڈیسک)آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوتﷺ کریڈٹ کا نہیں بلکہ ہم سب کی شفاعت کا مسئلہ ہے۔جس خطے سے نبی رحمت ﷺ کو ٹھنڈی ہوائیں گئیں اس خطے نے سب سے پہلے قادیانیوں کو غیر مسلم قراردیا۔
نظریاتی سرحدوں پر قربان ہونے کے فضائل جغرافیائی سرحدوں سے زیادہ ہیں۔06ستمبر زمینی سرحدوں کا دن جبکہ7ستمبرنظریاتی سرحدوں کا یوم دفاع ہے۔ خطہ کشمیر کو خاص اعزاز حاصل ہے۔آزادجموں وکشمیر قانون ساز ساز میں اظہارخیال کرتے ہوئے وزیراطلاعات پیر محمد مظہرسعید شاہ نے کہاکہ 28اپریل1973 اور اس کے بعد 07ستمبر1974کوقادیانیوں کو کافر قراردیاگیا اور جنہوں نے قرارداد منظور کی انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ میرے جد امجد شاہ انور شاہ کشمیری نے بیماری کے باوجود ایک قادیانی لڑکے کی مسلم لڑکی سے شادی کروانے پر مقدمہ کی پیروی کیلئے بہاولپور کا سفر کیا اور جملہ علما کی طرف سے اس مقدمے کی بہترین انداز میں پیروی کی، شاہ انورشاہ کشمیری نے کہاکہ اگر میں زندہ نہ بھی ہواتو میری قبر پر فیصلہ سنانا چنانچہ جب فیصلہ ہواتو سہارن پور میں ان کی قبرپر علما نے جا کر فیصلہ سنایا۔
انہوں نے کہاکہ علما کرام نے ختم نبوت کے حوالے سے قربانیاں دیں جس کا نتیجہ ہمارے سامنے ہے۔ سب مسلمان نبی رحمت ﷺ کی شفاعت چاہتے ہیں۔وزیراطلاعات نے کہاکہ ختم نبوت کے حوالے سے میجر ایوب مرحوم، راجہ فاروق حیدر، شاہ غلام قادر سمیت جس جس نے بھی کردار ادا کیا سب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
آزادجموں وکشمیر قانون سازاسمبلی سے زکوٰۃٰ و عشر ترمیمی آرڈیننس 2024کی منظوری پر وزیر اطلاعات نے کہاکہ قرآن مجید میں آٹھ مصارفین زکوٰۃ کو ذکر ہے۔ زکوٰۃ جمع، تقسیم و معاونت کرنے والے عاملین زکوٰۃ میں آتے ہیں لیکن ہمارا زکوٰۃ کا محکمہ ان تینوں میں سے کوئی بھی کام نہیں کررہاتھا۔ زکوٰۃ و عشر میں کی گئی ترمیم کا شرعی مسئلے سے کوئی تعلق نہیں۔
