ژوب(نیوز ڈیسک)ضلعی انتظامیہ ژوب کی جانب سے لیویز فورس ژوب کے مسائل کو حل کرنے اور کارکردگی بہتر بنانے کیلئے لیویز دربار کا انعقاد کیا گیا ۔
تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ژوب ڈویژن ذیشان جاوید تھے۔ اس موقع ڈپٹی کمشنر ژوب محبوب احمد ، اے ڈی سی جی اورنگزیب کاسی ، اسسٹنٹ کمشنر ژوب محمد نوید عالم ، رسالدار میجر آدم خان اور دیگر افسران موجود تھے۔ کمشنر ژوب ڈویژن کا دربار پہنچنے پر لیویز کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔
دربار کے آغاز میں رسالدار میجر ژوب نے لیویز فورس ژوب کے مکمل کارکردگی اور مسائل پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد ڈپٹی کمشنر ژوب نے کہا کہ لیویز فورس نہ صرف بی ایریا بلکہ اے ایریا میں بھی پولیس کے ہمراہ امن وامان کی بحالی کے لیے بھرپور کردار ادا کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امن وامان کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں لیویز فورس کو مزید بہتر اور مستعد بنانے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر لیویز فورس کے افسران اور جوانوں نے کمشنر ژوب ڈویژن ، ڈپٹی کمشنر ژوب اور دیگر آفسران کو تفصیلی طور پر اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔
جس پر ڈپٹی کمشنرژوب نے یقین دہانی کراہی کہ ان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے. لیویز فورس کو جدید ہتھیاروں کی فراہمی ، یونیفارم اور گاڑیاں فراہم کرنے کے لیے حکام بالا کو آگاہ کریں گے۔ تاکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف موثر طریقے سے کاروائیاں کی جاسکیں۔
آخر میں کمشنر ژوب ڈویژن نے ژوب لیویز فورس کے شہداءکے لواحقین کو تحائف پیش کرتے ہوئے ان کو عوام کی جان و مال کے حفاظت کے لیے دی جانے والی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس کے علاوہ لیویز فورس میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے اہلکاروں میں بھی تعریفی اسناد تقسیم کیے۔
اس موقع پر کمشنر ژوب ڈویژن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر تمام لیویز ملازمین ہمہ وقت تیار اور چوکس رہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقع رونما نہ ہو۔ مشکوک افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھیں اپنے اپنے ایریے میں گشت کریں اور امن وامان میں خلل ڈالنے اور شرپسند عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائیں اور عوام الناس کی جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائیں۔