اٹلی، اسپین اور یونان نے غیرقانونی امیگریشن میں 47 فیصد کمی پر پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کی لیگل پاتھ وے کے ذریعے غیرقانونی امیگریشن روکنے کی تجویز پر اتفاق کر لیا گیا۔ آئندہ اجلاس رواں برس ہی پاکستان میں منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی روم میں اٹلی اور اسپین کے وزرائے داخلہ اور یونان کے وزیر مائیگریشن سے ملاقات ہوئی۔ چاروں وزرا نے غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے منعقدہ چار ملکی کانفرنس میں شرکت کی۔
گزشتہ مالی سال میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے قومی خزانے کو 472 ارب روپے کا نقصان پہنچایا
تینوں یورپی ممالک نے غیرقانونی امیگریشن روکنے کے لیے پاکستان کی مؤثر حکمت عملی کو سراہتے ہوئے استعداد کار بڑھانے کے لیے یورپی یونین کے ذریعے پاکستان کی معاونت کا فیصلہ بھی کیا۔
محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ غیرقانونی امیگریشن میں ملوث مافیا کو قانون کی گرفت میں لایا جا رہا ہے، جبکہ یورپ غیرقانونی امیگریشن سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ میکنزم کے ذریعے ہی اس سنگین چیلنج کا مؤثر حل ممکن ہے۔
ملاقات میں چاروں ممالک نے غیرقانونی امیگریشن ہر سطح پر روکنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے، مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور غیرقانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور منشیات کے خلاف مشترکہ پالیسی فریم ورک پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کو یورپ سے پاکستان واپس لا کر کارروائی کی جائے گی۔ چاروں رہنماؤں نے مشترکہ و فوری ردعمل کے نظام کو مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔