ایران کی بندر عباس پر دھماکہ
ایران کے جنوبی ساحلی شہر بندر عباس میں ہفتے کے روز ہونے والے ایک دھماکے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور 14 افراد زخمی ہو گئے۔ ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق مقامی حکام نے ہلاکت اور زخمیوں کی تصدیق کی ہے، تاہم دھماکے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔
نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کو ’’مکمل طور پر بے بنیاد‘‘ قرار دیا ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ دھماکے میں پاسدارانِ انقلاب کے بحری کمانڈر کو نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب، ایران کے شہر اہواز میں گیس دھماکے کے ایک الگ واقعے میں چار افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ سرکاری اخبار تہران ٹائمز کے مطابق یہ دھماکہ عراقی سرحد کے قریب پیش آیا، تاہم اس واقعے کی تفصیلات بھی فوری طور پر دستیاب نہیں ہو سکیں۔
ادھر اسرائیل کے دو حکام نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا ہے کہ ہفتے کے روز ہونے والے ان دھماکوں میں اسرائیل کا کوئی کردار نہیں۔ یہ واقعات ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کی وجوہات میں ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کے خلاف کارروائیاں اور جوہری پروگرام شامل ہیں۔