لندن: فلسطین کے حق میں ہونیوالے مظاہرے میں 890 افراد گرفتار
لندن میں فلسطین کے حق میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے کے دوران برطانوی پولیس نے آٹھ سو نوے افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق ان میں سے آٹھ سو ستاون افراد کو فلسطین ایکشن نامی تنظیم کی حمایت کرنے پر حراست میں لیا گیا، جبکہ تینتیس دیگر افراد کو مختلف الزامات میں گرفتار کیا گیا جن میں سترہ افراد پولیس اہلکاروں پر حملے کے الزام میں شامل ہیں۔ مظاہرین نے غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے لگائے اور جنگ بندی سمیت اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی روکنے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ فلسطین ایکشن پر برطانیہ نے جولائی میں دہشت گردی کے قوانین کے تحت پابندی عائد کی تھی کیونکہ اس کے کچھ اراکین نے اسرائیل کی حمایت کے خلاف ایک فوجی اڈے پر حملہ کر کے طیاروں کو نقصان پہنچایا تھا۔
