پاکستان اور امریکہ نے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشت گردی سے متعلق مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور امریکہ نے دہشت گردی کی ہر شکل و صورت کے خاتمے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق، دونوں فریقین نے بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے)، داعش خراسان اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) جیسے خطرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور مربوط حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔ امریکہ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں اور کامیابیوں کو سراہا، اور جعفر ایکسپریس حملے اور خضدار اسکول بس دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
مزید کہا گیا کہ دونوں ممالک نے دہشت گردی میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی روک تھام کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا ہے، اور انسدادِ دہشت گردی کے ادارہ جاتی ڈھانچے اور صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔
پاکستان اور امریکہ نے اقوام متحدہ سمیت دیگر بین الاقوامی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے اور دیرپا امن و استحکام کے لیے مستقل اور منظم روابط برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
مذاکرات کی مشترکہ صدارت پاکستان کے اسپیشل سیکریٹری نبیل منیر اور امریکہ کے محکمہ خارجہ کے قائم مقام کوآرڈینیٹر گریگری ڈی لوگریفو نے کی۔