راجستھان: بھارتی ریاست راجستھان کے علاقے چھرو میں بھارتی فضائیہ کا ایک جیگوار لڑاکا طیارہ پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا،

جس کے نتیجے میں طیارے کا پائلٹ جان کی بازی ہار گیا، جب کہ زمین پر موجود دو افراد زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ چھرو شہر کے مضافات میں پیش آیا جہاں فضا میں بلند ہوتے ہوئے طیارے میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہوئی اور وہ زمین سے ٹکرا گیا۔ مقامی افراد کے مطابق حادثے کے مقام پر زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی، جس کے بعد دھوئیں کے بادل آسمان میں بلند ہوتے نظر آئے۔
واقعے کے فوراً بعد مقامی لوگ، امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی ادارے موقع پر پہنچ گئے۔ حکام نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی شواہد کے مطابق طیارے کو فنی خرابی کا سامنا تھا۔
ذرائع کے مطابق 2025 کے دوران یہ تیسرا موقع ہے جب بھارتی فضائیہ کا جیگوار طیارہ حادثے کا شکار ہوا۔ اس سے قبل مارچ اور اپریل میں بھی دو مختلف واقعات میں جیگوار طیارے گر کر تباہ ہو چکے ہیں، جس نے بھارتی فضائیہ کی فنی و عملی تیاریوں پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
حادثے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جب کہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
