سورج کی روشنی سے مفت ملنے والا وٹامن ڈی نہ صرف ہڈیوں بلکہ دل کی صحت کے لیے بھی بہت اہم ہے، اور اس کی کمی سے دل کے امراض اور ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ آسٹریلیا میں ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جن افراد میں وٹامن ڈی کی سطح کم ہوتی ہے، ان میں دل کی بیماریوں کا خطرہ دگنا سے بھی زیادہ ہوتا ہے، جبکہ دل کی شریانوں کے امراض دنیا بھر میں اموات کی سب سے بڑی وجہ ہیں۔ ماہرین نے کہا ہے کہ اگرچہ شدید کمی کم لوگوں کو ہوتی ہے، مگر ہلکی یا درمیانی کمی کی روک تھام ضروری ہے، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو سورج کی روشنی سے کم فائدہ اٹھاتے ہیں۔ غذا سے وٹامن ڈی حاصل کرنا ممکن تو ہے، مگر یہ زیادہ مؤثر ذریعہ نہیں، اس لیے روزانہ سورج کی روشنی یا سپلیمنٹ کا استعمال بہتر طریقہ ہے تاکہ دل کی صحت کو محفوظ رکھا جا سکے۔