پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 47ویں اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرامزیر تربیتی آفیسران کا سکردو کمشنر آفس کا دورہ
سکردو(نیوزڈیسک)پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 47ویں اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام (ایس ٹی پی) کے 39 زیر تربیتی آفیسران نے سکردو میں کمشنر آفس کا دورہ کیا۔ کمشنر بلتستان ڈویژن نجیب عالم نے آفسران کا استقبال کیا اور بلتستان ریجن کے حوالے سے ایک جامع بریفنگ دی۔
بریفنگ میں دورے پر آئے ہوئے زیر تربیتی آفسران کو بلتستان ڈویژن کے انتظامی ڈھانچے، ترقیاتی منصوبوں، چیلنجز اور مواقع کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا گیا، جس سے زیر تربیت آفسران کو مقامی انتظامیہ کے انتظامی اور آپریشنل طریقہ کار کے حوالے سے آگاہی حاصل ہوئی۔
واضح رہے کہ یہ دورہ ان آفسران کے وسیع تربیتی پروگرام کا ایک حصہ ہے، جو انہیں ملک بھر میں متنوع انتظامی کرداروں کے لیے تیار کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ زیر تربیتی آفسران نے معلوماتی بریفنگ اور مہمان نوازی پر ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں اس طرح کے تجربات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے بلتستان کی قدرتی خوبصورتی کو بھی سراہا.اس موقع پر کمشنر بلتستان ڈویژن نے ڈائریکٹر سی ایس اے لاہور کو سوینئر پیش کیا۔