آئی ایم ایف نے رعایتی نرخوں پر بجلی دینے کا پیکج مسترد کردیا

0

**اسلام آباد:** آئی ایم ایف نے وزارت توانائی کا انڈسٹری کے لیے تین سالہ مارجنل انرجی پیکج مسترد کر دیا، حکومت اب نئی تجاویز کے ساتھ دوبارہ پیکج تیار کرے گی اور آئندہ اقتصادی مذاکرات میں آئی ایم ایف سے دوبارہ بات چیت ہوگی۔

**تفصیلات کے مطابق** حکومت کی جانب سے صنعتوں کو بجلی سستے نرخوں پر فراہم کرنے کی کوششوں کو بڑا دھچکا لگا ہے، کیونکہ آئی ایم ایف نے وزارت توانائی کا انڈسٹری کے لیے 8000 میگاواٹ سستی بجلی دینے کا مارجنل انرجی پیکج مسترد کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت توانائی آئی ایم ایف کو اس پیکج پر قائل کرنے میں ناکام رہی، تاہم اب نئی تجاویز کے ساتھ آئندہ مذاکرات میں دوبارہ پیکج پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق یہ پیکج تین سال کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس، ڈیٹا مائننگ اور دیگر صنعتی شعبوں کے لیے تیار کیا گیا تھا، جس کا مقصد ملک میں موجود 8000 میگاواٹ اضافی بجلی کو رعایتی نرخوں پر استعمال میں لانا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ اضافی بجلی کے استعمال پر فی یونٹ ٹیکسز کم کرنے کی تجویز دی گئی تھی، تاہم آئی ایم ایف نے وزارت توانائی کی سو فیصد بل ریکوری نہ ہونے کی بنیاد پر یہ پیکج مسترد کر دیا۔

مزید بتایا گیا کہ اس پیکج میں صرف پیداواری لاگت اور کپیسٹی چارجز وصول کیے جانے تھے، جبکہ دیگر تمام چارجز بشمول ٹیکسز ختم کرنے کی تجویز تھی۔

آئی ایم ایف نے واضح کر دیا ہے کہ پیکج کی منظوری مکمل ریکوری سے مشروط ہو گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.