اسلام آباد اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 6.1 ریکارڈ
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے جھٹکے خیبرپختونخوا، پنجاب اور آزاد کشمیر کے کئی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، جن میں مظفرآباد، اسکردو، دیامر، راولپنڈی، مری، ٹیکسلا اور حسن ابدال شامل ہیں۔
مزید برآں، لوئر دیر، کوہاٹ، سوات، صوابی، شبقدر اور پاڑہ چنار میں بھی زلزلے کے اثرات محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.1 ریکارڈ کی گئی اور اس کی گہرائی 190 کلومیٹر تھی، جبکہ زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان میں تھا۔
زلزلے کے جھٹکوں سے شہری خوف و ہراس کا شکار ہو گئے اور گھروں سے باہر نکل کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے محفوظ مقامات کی طرف جانے لگے۔