پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی کوششیں جاری ہیں: وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے تاحال جنگ بندی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
خطے کی موجودہ صورتحال پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایران میں جاری جنگ سے پاکستان بھی شدید متاثر ہو رہا ہے اور اس کے نتیجے میں ملک کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔
کفایت شعاری مہم کے تحت ملک بھر کی یونیورسٹیاں ہفتے میں 4 دن کھلی رکھنے کا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی وزیراعظم خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔ پاکستان نے خطے میں جنگ کی شدت کم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں اور اب تک جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
شہباز شریف نے بتایا کہ پاکستان کے دو جہاز آبنائے ہرمز میں رکے ہوئے تھے، تاہم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل کی کوششوں کے نتیجے میں دونوں جہاز وہاں سے گزرنے میں کامیاب ہو گئے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ جنگی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے وزرائے اعلیٰ نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ تین ہفتوں کے دوران وفاقی حکومت نے پی ایس ڈی پی میں 100 ارب روپے کی کمی کی ہے اور پارلیمنٹیرینز نے بھی تیل کے استعمال میں بچت کو یقینی بنایا ہے۔