اسلام کو انتہا پسندی سے جوڑنا لاعلمی کی عکاسی ہے، صدر مملکت اسلاموفوبیا کے تدارک کے دن پر پیغام
اسلام کو انتہا پسندی سے جوڑنا لاعلمی کی عکاسی ہے، صدر مملکت اسلاموفوبیا کے تدارک کے دن پر پیغام
اسلام آباد:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اسلام امن، ہمدردی اور انصاف کا مذہب ہے اور اسے انتہا پسندی سے جوڑنا لاعلمی کی علامت ہے۔
اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تعصب کے خاتمے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو نفرت انگیز جرائم کے خلاف قانونی تحفظ کو مضبوط بنانا چاہیے اور اظہارِ رائے کی آزادی کو نفرت پھیلانے کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
کئی ممالک آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنےکیلئے اپنے جنگی بحری جہاز بھیج رہے ہیں: ٹرمپ کا دعویٰ
صدر زرداری کا کہنا تھا کہ مذہبی تنوع کے احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرائسٹ چرچ کا سانحہ انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑنے والا واقعہ تھا جبکہ پاکستان اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی فورمز پر مسلسل آواز بلند کرتا رہا ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی مختلف معاشروں کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور مسلمانوں کے خلاف تعصب بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کے تحفظ کو متاثر کرتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل کمیشن فار مائنارٹیز رائٹس ایکٹ 2025 نافذ کیا جا چکا ہے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک آزاد نیشنل کمیشن قائم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو تعصب کے خاتمے اور مکالمے کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنا چاہیے اور مذہبی عقائد کا احترام اور مساوی قانونی تحفظ عالمی ذمہ داری ہے۔