افغان سرزمین کا پاکستان کیخلاف دہشتگردی کیلئے استعمال ناقابل قبول ہے، ہرخطرے کو ختم کرنے کیلئے ضروری اقدامات کریں گے: فیلڈ مارشل
افغان سرزمین کا پاکستان کیخلاف دہشتگردی کیلئے استعمال ناقابل قبول ہے، ہرخطرے کو ختم کرنے کیلئے ضروری اقدامات کریں گے: فیلڈ مارشل
راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان پائیدار امن اسی صورت ممکن ہے جب افغان طالبان دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت ترک کر دیں۔
پاکستان میں کتنے دن کا پیٹرول اور ڈیزل موجود ہے؟ حکومت نے بتا دیا
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وانا جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شہدا کی یادگار پر پھول رکھے اور مادر وطن کے دفاع میں قربانیاں دینے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مغربی سرحد پر سیکیورٹی صورتحال اور آپریشن غضب للحق کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ فیلڈ مارشل نے مغربی سرحد پر موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا اور اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے جاری جھڑپوں کے دوران جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، آپریشنل مستعدی اور بلند حوصلے کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ شہدا کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی اور استقامت کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کا افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کرنا ناقابل قبول ہے اور اس جانب سے پیدا ہونے والے ہر خطرے کو ختم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
فیلڈ مارشل کا مزید کہنا تھا کہ دونوں جانب امن تب ہی قائم ہو سکتا ہے جب افغان طالبان دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت سے دستبردار ہوں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے پاک افغان سرحد پر تعینات فارمیشنز کی جنگی تیاری، مربوط کارکردگی اور حوصلے پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔