صدر و وزیراعظم کی نئے چینی سال پر مبارکباد، تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم
صدر و وزیراعظم کی نئے چینی سال پر مبارکباد، تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم
اسلام آباد: صدر پاکستان آصف علی زرداری نے نئے چینی سال کے موقع پر عوام، حکومت اور چینی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ گھوڑے کا سال توانائی، ترقی اور استقامت کی علامت ہے۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ 2026 میں منائی جائے گی، جبکہ پاک چین دوستی ہر موسم کی آزمودہ اور فولادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ون چائنا پالیسی کی حمایت کی ہے اور چین کی پاکستان کے لیے اصولی حمایت، بشمول مسئلہ کشمیر، قابل قدر ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور چیئرمین ماؤ کی ملاقات پاک چین تعلقات کی تاریخی علامت ہے، جبکہ صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین عالمی امن اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم میں چین کے کردار اور پاک چین دفاعی تعاون کو علاقائی استحکام کے لیے اہم قرار دیا، جبکہ سی پیک کو ترقی اور روابط کا انقلابی منصوبہ بتایا۔
صدر نے کہا کہ گزشتہ سال چین کے ان کے دو دوروں نے تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے اور پاکستان و چین ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ ان کے مطابق گھوڑے کا سال پاک چین تعلقات کو تجارت، جدت اور عوامی روابط میں نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی نئے چینی سال 2026 کے موقع پر صدر شی جن پنگ، چینی عوام اور دنیا بھر میں مقیم چینی کمیونٹی کو مبارکباد دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ گھوڑا توانائی، لچک اور رفتار کی علامت ہے، جو دونوں ممالک کے مشترکہ سفر کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی ہیں، جن کے درمیان سدابہار اسٹریٹجک شراکت داری قائم ہے۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ نیا سال دونوں ممالک کی دوستی کو مزید مضبوط بنائے اور عوام کی خوشحالی کے لیے تعاون کو وسعت دے۔