پاک فضائیہ ایف-16 طیاروں کے ساتھ سعودی عرب میں ملٹی نیشنل فضائی مشق میں شرکت کے لیے پہنچ گئی
پاک فضائیہ ایف-16 طیاروں کے ساتھ سعودی عرب میں ملٹی نیشنل فضائی مشق میں شرکت کے لیے پہنچ گئی
19 جنوری، 2026: پاک فضائیہ کا دستہ ایف-16 بلاک-52 جنگی طیاروں پر مشتمل فضائی و زمینی عملے کے ہمراہ کنگ عبدالعزیز ایئر بیس، سعودی عرب پہنچ گیا ہے۔ پی اے ایف کا دستہ ملٹی نیشنل فضائی جنگی مشق اسپیئرز آف وکٹری-2026 میں شرکت کرے گا۔ اس مشق میں سعودی عرب، پاکستان، فرانس، اٹلی، یونان، قطر، بحرین، اردن، برطانیہ اور امریکا کی فضائی افواج حصہ لے رہی ہیں۔ یہ مشق فضائی افواج کے مابین باہمی ہم آہنگی، عملی اشتراک، پیشہ ورانہ بصیرت اور صلاحیت میں اضافے کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے جو بڑی فضائی قوت کی تعیناتی، رات کے اوقات میں کیے گئے ایئر آپریشنز، مربوط آئی ایس آر اور جدید الیکٹرانک وارفیئر ماحول میں کارروائیوں کے حوالے سے اہمیت اجاگر کرتی ہے۔
پی ایس ایل میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان، فرنچائز کتنے کھلاڑی ریٹین کرسکیں گی؟
اس ملٹی نیشنل فورم میں شرکت کے ذریعے پاک فضائیہ شراکت دار فضائی افواج کے ساتھ باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی سے بھرپور جنگی ماحول میں اپنی عملی تیاری کی جانچ کر سکے گی۔ اس بین الاقوامی تعیناتی کے لیے پی اے ایف کے جنگی طیاروں نے پاکستان سے سعودی عرب تک مسلسل پرواز کی، جو پاک فضائیہ کی طویل فاصلے تک عملی رسائی اور جنگی صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ مشق کے دوران، جدید ایویونکس اور بی وی آر رینج صلاحیتوں سے لیس ایف-16 بلاک-52 طیارے اڑانے والے پاک فضائیہ کے پائلٹس، شریک فضائی افواج کے ہوابازوں کے مدمقابل ہوں گے جو مختلف جدید جنگی طیارے آپریٹ کر رہے ہیں۔
اسپیئرز آف وکٹری-2026 میں پاک فضائیہ کی شرکت نہ صرف علاقائی اور بین الاقوامی عسکری تعاون کے لیے پی اے ایف کے پختہ عزم کی عکاس ہے، بلکہ اس کی پیشہ ورانہ مہارت اور مختلف قسم کے آزمائشی ماحول میں صف اول کی ہم عصر فضائی افواج کے شانہ بشانہ مؤثر انداز میں کام کرنے کی ثابت شدہ صلاحیت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔