تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے کا کیس؛ عملدرآمد رپورٹس جمع، فیصلہ کن اقدامات کی ہدایت
تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے کا کیس؛ عملدرآمد رپورٹس جمع، فیصلہ کن اقدامات کی ہدایت
اسلام آباد ہائیکورٹ میں تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس میں اسلام آباد پولیس، اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) اور پرائیویٹ اسکول ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد سے متعلق اپنی رپورٹیں جمع کروائیں۔
دوران سماعت آئی جی آفس کے ڈائریکٹر لیگل طاہر کاظم نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالتی حکم پر آئی جی اسلام آباد کی سربراہی میں اسٹیک ہولڈرز کی دو اہم میٹنگیں منعقد کی جا چکی ہیں، جن میں تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
عمران خان کے بیٹوں کا جنوری میں پاکستان آنے کا اعلان
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس راجا انعام امین منہاس نے ریمارکس دیے کہ حکومت کو منشیات کے خاتمے کے لیے خود جوائنٹ ٹاسک فورس بنانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کا مقصد یہ تھا کہ تمام متعلقہ ادارے مل بیٹھ کر اس مہم میں عملی طور پر کام کریں، محض میٹنگیں بلانا کافی نہیں بلکہ ان پر عمل درآمد بھی نظر آنا چاہیے۔
اے این ایف کے پراسیکیوٹر رانا ذوالفقار نے عدالت کو بتایا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے ہر پرائیویٹ تعلیمی ادارے میں ایک فوکل پرسن تعینات کر دیا گیا ہے اور اس حوالے سے ہر ماہ باقاعدہ میٹنگیں ہوں گی۔
پیرا حکام نے آگاہ کیا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے اور نو دسمبر کو سو اسکولوں کے نمائندگان پر مشتمل ٹیم کو بلا کر خصوصی آگاہی سیشن منعقد کیا گیا۔
پرائیویٹ اسکول ریگولیٹری اتھارٹی نے عدالت کو بتایا کہ ہر اسکول میں فوکل پرسن پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ اس موقع پر جسٹس راجا انعام امین منہاس نے پیمرا کی جانب سے منشیات کے خاتمے سے متعلق آگاہی مہم کے اشتہارات چینلز پر چلانے کا بھی ذکر کیا، تاہم ریمارکس دیے کہ انہیں تاحال ایسی کوئی رپورٹ نشر ہوتی نظر نہیں آئی۔
عدالت نے منشیات کے خاتمے کی مہم پر عمل درآمد کے حوالے سے آئندہ سماعت پر پیمرا کے متعلقہ افسر کو طلب کر لیا۔ سماعت کے دوران ڈائریکٹر لیگل آئی جی آفس طاہر کاظم، اے این ایف کے پراسیکیوٹر رانا ذوالفقار اور ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ عدالت میں پیش ہوئے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مزید ہدایات کے ساتھ کیس کی سماعت ستائیس جنوری تک ملتوی کر دی۔