عمران خان کا پیغام پہنچانے پر اگر میں ملزم ہوں تو پھر کل پوری قوم ملزم بنے گی، علیمہ خان
عمران خان کا پیغام پہنچانے پر اگر میں ملزم ہوں تو پھر کل پوری قوم ملزم بنے گی، علیمہ خان
راولپنڈی:
سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ اگر آج عمران خان کا پیغام پہنچانے پر میں ملزم ہوں تو کل پوری قوم کو بھی ملزم قرار دیا جائے گا۔
کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ کل جس کی بات پسند نہیں آئے گی، اس کے خلاف مقدمہ بنا دیا جائے گا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ میڈیا سے گفتگو کو دہشت گردی کیسے قرار دیا جا سکتا ہے، یہی آئینی اور قانونی نکتہ عدالت میں چیلنج کیا گیا ہے۔
مصر؛ غزہ امن منصوبے پر دستخط ہوگئے
ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر الزام کسی ہنگامے کا نہیں بلکہ عمران خان کا پیغام پہنچانے کا ہے۔ میں نے صرف 10 سے 15 صحافیوں اور یوٹیوبرز کو عمران خان کا پیغام دیا، جسے میڈیا نے پوری قوم تک پہنچا دیا۔ اگر ایسا ہے تو پھر میڈیا کو بھی مقدمے میں شامل کرنا چاہیے۔
علیمہ خان نے کہا کہ ہماری ترجیح عمران خان اور ان کے کیسز ہیں۔ ہم جیل میں ملاقات یا ٹرائل کے لیے جاتے ہیں تو ہمارے وارنٹ نکال دیے جاتے ہیں۔ ہم اس ظلم کی فضا کو عدالتوں میں چیلنج کر کے ختم کریں گے، کیونکہ آئین پاکستان ہر شہری کو اظہارِ رائے کی آزادی دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے خلاف 60 سے 70 مقدمات درج ہیں، کبھی پنڈی سے تو کبھی اسلام آباد سے وارنٹ نکالے جاتے ہیں۔ یہ خوف اور جبر کا ماحول ختم کرنا ہوگا، ہم کسی دباؤ میں آنے والے نہیں۔