نوجوانوں کے لئے ایک لاکھ لیپ ٹاپ، بڑی خبر آگئی
وزیراعظم شہباز شریف نے باصلاحیت نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر ایک لاکھ مفت لیپ ٹاپ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق، یہ اعلان انہوں نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ لیپ ٹاپس کی یہ تقسیم چاروں صوبوں، وفاقی دارالحکومت، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ لیپ ٹاپس سود پر مبنی قرضوں کے تحت دی جانے والی کسی اسکیم کا حصہ نہیں ہوں گے، بلکہ یہ اضافی سہولت کے طور پر نوجوانوں کو دیے جائیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے، اور ملک کی ترقی کے لیے میرٹ پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
تقریب کے دوران وزیراعظم نے دفاعی حوالے سے بھی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ 6 سے 10 مئی تک کی جنگ میں پاکستانی افواج نے دشمن پر کاری ضرب لگائی اور غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا۔ ان کے مطابق، پاک فضائیہ نے چار رافیل طیاروں سمیت بھارت کے چھ جنگی طیارے مار گرائے، جس سے بھارت کا غرور خاک میں مل گیا۔
شہباز شریف نے دشمن کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے حصے کے پانی کی ایک بوند بھی چھینی گئی تو دشمن کو ایسا سبق سکھایا جائے گا جو اسے ہمیشہ یاد رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کا پانی روکنے کا اختیار نہیں رکھتا۔