اسرائیل کی سکیورٹی کابینہ نے غزہ شہر پر مکمل قبضے کی منظوری دے دی

0

اسرائیل کی سیکیورٹی کابینہ نے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی تجویز پر غزہ شہر کے مکمل قبضے کی منظوری دے دی، جو فلسطین کے شمالی حصے میں واقع ہے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق، نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج شہری آبادی کو امداد فراہم کرتے ہوئے غزہ شہر پر قبضے کی تیاری کرے گی، جبکہ انہیں شہر کے مختلف علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔

روئٹرز سے بات کرتے ہوئے اسرائیلی حکومت کے دو اہلکاروں نے بتایا کہ سیکیورٹی کابینہ کی اس منظوری کو اب مکمل حکومتی کابینہ سے بھی توثیق حاصل کرنا ہوگی۔

غزہ شہر پر قبضہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں میں جاری جنگ میں ایک بڑے اور خطرناک اقدام کی علامت ہے، جس کے نتیجے میں قحط اور بدترین حالات کا شکار دسیوں ہزار فلسطینیوں کو مزید جبری نقل مکانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Axios نیوز کے صحافی بارک راوید نے ایک اسرائیلی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ اس آپریشن کے تحت 7 اکتوبر تک غزہ شہر سے تمام فلسطینیوں کو مرکزی کیمپوں اور دیگر علاقوں میں زبردستی منتقل کیا جائے گا۔

اسرائیلی حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ غزہ شہر کو حماس کے جنگجوؤں سے خالی کرانے کے لیے محاصرہ کیا جائے گا اور زمینی فوجی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

سیکیورٹی کابینہ کے اجلاس سے قبل نیتن یاہو نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل بالآخر غزہ کا مکمل کنٹرول سنبھال لے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.