فیلڈ مارشل عاصم منیر کی چین میں اعلی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں

0

بیجنگ: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کے سرکاری دورے کے دوران بیجنگ میں اعلیٰ چینی سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی استحکام اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی قیادت نے پاکستانی افواج کو جنوبی ایشیا میں امن کی علامت قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف نے چین کے نائب صدر ہان ژینگ اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کیں، جن میں علاقائی اور بین الاقوامی سیاسی صورتحال، سی پیک کے تحت روابط بڑھانے اور مشترکہ جغرافیائی سیاسی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی حکمت عملی پر بات چیت ہوئی۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں فریقین نے پاکستان اور چین کے مثالی دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور مساوات، کثیرالجہتی تعاون اور طویل المدتی علاقائی استحکام کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

چینی قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کے عزم اور خطے میں قیامِ امن کے لیے ان کے مؤثر کردار کو سراہا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ یوشیا، پی ایل اے آرمی کے پولیٹیکل کمشنر جنرل چن ہوئی اور پی ایل اے آرمی کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل کائی ژائی جون سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں دفاعی تعاون اور فوجی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.