فرانس کا ستمبر میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان
پیرس(نیوز ڈیسک) – فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے اعلان کیا ہے کہ فرانس ستمبر میں ریاستِ فلسطین کو باضابطہ طور پر تسلیم کرے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مشرق وسطیٰ میں منصفانہ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اُٹھایا جا رہا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق، فرانسیسی صدر نے فلسطینی صدر محمود عباس کو ایک خط لکھا، جسے بعدازاں سوشل میڈیا پر شیئر بھی کیا گیا۔ اس خط میں میکرون نے واضح کیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں مستقل اور منصفانہ امن کے لیے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا ناگزیر ہے۔
صدر میکرون نے اپنے بیان میں زور دیا کہ جنگ بندی کا فوری نفاذ، تمام یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ کے عوام کے لیے وسیع انسانی امداد فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس کو غیر مسلح کرنا، غزہ کو محفوظ بنانا اور اس کی ازسرِ نو تعمیر، ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے ساتھ، خطے میں دیرپا امن کی بنیاد فراہم کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فرانسیسی عوام مشرق وسطیٰ میں امن کے خواہاں ہیں، اور اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی اور یورپی اتحادیوں کے ساتھ مل کر یہ ثابت کیا جائے کہ امن ممکن ہے۔
