معروف اداکارہ کی کئی دنوں پرانی لاش فلیٹ سے برآمد،لاش وصول کرنے بھی کوئی نہ پہنچا

0

کراچی: شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی لاش ڈیفنس فیز 6 کے ایک فلیٹ سے برآمد ہوئی ہے، پولیس نے فلیٹ کو سیل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق 35 سالہ حمیرا اصغر گزشتہ سات برس سے مذکورہ فلیٹ میں تنہا رہائش پذیر تھیں۔ علاقہ مکینوں نے پولیس کو بتایا کہ وہ ماڈلنگ اور اداکاری کے شعبے سے وابستہ تھیں اور اکثر تنہائی میں وقت گزارتی تھیں۔ فلیٹ 2018 میں کرائے پر لیا گیا تھا، تاہم 2024 سے کرایہ ادا نہیں کیا گیا۔

واقعہ اس وقت منظرِ عام پر آیا جب عدالتی حکم پر بیلف فلیٹ کی تحویل کے لیے پہنچا تو اندر سے بدبو آنے پر دروازہ توڑا گیا۔ پولیس کے مطابق فلیٹ اندر سے بند تھا اور لاش کافی حد تک خراب ہوچکی تھی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ موت کو کئی دن گزر چکے تھے۔

لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں کیمیکل ایگزامینیشن کے بعد موت کی اصل وجہ کا تعین ممکن ہوگا۔ ابتدائی تفتیش میں واقعہ طبعی موت معلوم ہوتا ہے، تاہم حتمی رائے میڈیکل رپورٹ کے بعد دی جائے گی۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق لاش کی شناخت بظاہر ممکن نہیں، تاہم فلیٹ سے برآمدہ موبائل فون اور سم سے شناختی کارڈ کا ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر خاتون کی شناخت حمیرا اصغر کے طور پر کی گئی ہے، لیکن تصدیق کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کا انتظار ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ اب تک مرحومہ کے کسی قریبی عزیز نے لاش وصول کرنے کے لیے پولیس سے رابطہ نہیں کیا۔ تاہم پولیس کے مطابق اہل خانہ فون پر رابطے میں ہیں، مگر تاحال کوئی شخص لاش وصول کرنے نہیں پہنچا۔

یاد رہے کہ حمیرا اصغر نے 2022 میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے رئیلٹی شو "تماشہ گھر” میں شرکت کی تھی، جس کے بعد انہیں شوبز میں خاصی شناخت حاصل ہوئی تھی۔

پولیس کی جانب سے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.