موبائلز اسکواڈ کی بروقت کارروائی، اغواء کی جانے والی لڑکی بازیاب، ملزم گرفتار
عابد چودھری:موبائلز اسکواڈ کی جانب سے سائینٹیفک بنیادوں پر قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری، شیرا کوٹ ناکے پر کی گئی ایک بروقت کارروائی کے دوران مظفر گڑھ سے اغواء کی جانے والی 18 سالہ لڑکی اسما کو بازیاب کرا لیا گیا جبکہ ملزم ساجد کو گرفتار کر لیا گیا۔

کارروائی کی تفصیلات کے مطابق ملزم لڑکی کو پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے زبردستی لے جا رہا تھا۔لڑکی کی جانب سے شور مچانے پر ناکہ انچارج نے دونوں کو موقع پر ہی حراست میں لیا۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم کے خلاف اغواء کا مقدمہ تھانہ سٹی مظفر گڑھ میں درج ہے۔
ناکہ انچارج اور جوانوں کی بروقت کارروائی سے لڑکی اغواء ہونے سے بچ گئی۔گرفتار ملزم ساجد اور مغویہ اسما کو مزید کارروائی کے لیے تھانہ شیرا کوٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔مظفرگڑھ پولیس کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے تاکہ قانونی کارروائی مکمل کی جا سکے۔
