اسرائیل کا جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام ، ایران کی تردید
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایران پر جنگ بندی کی خلاف ورزی اور میزائل حملوں کا الزام عائد کرتے ہوئے اسرائیل فوج کو بھرپور جوابی کارروائی کا حکم جاری کردیا تاہم تہران نے سیز فائر کی خلاف ورزی کے الزام کی تردید کردی۔

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران نے امریکی صدر کی جانب سے اعلان کردہ جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسرائیل پر میزائل حملے کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کی کسی بھی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دینے کی پالیسی کے تحت میں نے اسرائیلی افواج کو ہدایت دی ہے کہ وہ تہران میں حکومت سے وابستہ اثاثوں اور دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بناتے ہوئے شدید نوعیت کی کارروائیاں جاری رکھیں۔
اسرائیلی فوج نے ایران سے دو میزائل داغے جانے کی اطلاع دی، جس کے نتیجے میں شمالی اسرائیل میں سائرن بجنے لگے، ایک اسرائیلی اہلکار نے اے ایف پی کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایران سے 2 میزائل داغے گئے، جنہیں روک لیا گیا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق پہلے سائرن کے بعد تقریباً 15 منٹ بعد شہریوں کو پناہ گاہیں چھوڑنے کی اجازت دے دی گئی۔
اس سے قبل اسرائیل نے کہا تھا کہ جنگ بندی نافذ ہو چکی ہے، کیونکہ 13 جون کو ایران کے خلاف شروع کی گئی فضائی بمباری مہم کے تمام اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں۔ ایران نے بھی اس بات کی تصدیق کی تھی کہ اگر اسرائیل بمباری روک دے تو وہ بھی جوابی حملے بند کر دے گا۔
