ملک کے بالائی علاقوں میں پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی
ملک کے بالائی علاقوں میں پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی
آج سے 23 جون تک اسلام آباد، لاہور، پشاور، سوات، ایبٹ آباد سمیت مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، محکمہ موسمیات

(نیوز ڈیسک)محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقے آئندہ چند روز تک گرم اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے، جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری رہے گی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں پری مون سون ہوائیں داخل ہوچکی ہیں جس کے باعث آج سے 23 جون تک اسلام آباد، لاہور، پشاور، سوات، ایبٹ آباد سمیت متعدد شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں بھی موسم کا مزاج بدلا رہا، جہاں رات گئے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بونداباندی ریکارڈ کی گئی۔ گرومندر، لیاقت آباد اور اطراف کے علاقوں میں بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ سمندری ہواؤں کے چلنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ پری مون سون سسٹم کی سرگرمی آئندہ دنوں میں مزید شہروں کو متاثر کرسکتی ہے، جس سے گرمی کی شدت میں وقتی کمی آئے گی۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ موسمی تغیرات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔