وزیراعظم شہباز شریف سے آزاد کشمیر کی قیادت کی اہم ملاقات، ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت

0

 

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کی قیادت کے اعلیٰ سطحی وفد نے وزیراعظم آفس اسلام آباد میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں آزاد کشمیر کے رہنماؤں چوہدری عبدالرحمن، شاہ غلام قادر اور طارق فاروق نے شرکت کی، جبکہ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام، رانا مبشر اقبال اور رانا ثناء اللہ بھی اس اہم نشست میں موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق، ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کرتے ہوئے قیادت کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اور وفاقی حکومت آزاد حکومت کے ساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رکھے گی تاکہ عوامی مسائل کا مؤثر حل ممکن ہو سکے۔

وزیراعظم آفس میں ہونے والی یہ ملاقات آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت اور مسلم لیگ (ن) یو کے چیپٹر کے درمیان مشاورت کے ایک اہم مرحلے کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، جس میں تنظیمی معاملات اور مستقبل کی حکمت عملی پر بھی بات چیت کی گئی۔یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب آزاد کشمیر کی اندرونی سیاسی فضا متحرک ہے، اور وفاقی حکومت کی جانب سے خطے میں ترقیاتی اقدامات کو تیز تر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.