ریاستی رٹ کو نقصان پہنچانے کی کوششیں برداشت نہیں ہوں گی، آزاد کشمیر حکومت
مظفرآباد: سیکرٹری اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر محمد راشد حنیف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت آزاد جموں و کشمیر ایک معروف عالمی نشریاتی ادارے بی بی سی کی جانب سے گزشتہ روز آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے جاری کی گئی رپورٹ کو خلافِ حقائق قرار دیتے ہوئے مسترد کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں پیش کیے گئے حقائق اور اعداد و شمار نہ صرف غلط ہیں بلکہ انہیں کسی بھی حکومتی ادارے، یعنی پولیس اور سول ایڈمنسٹریشن، سے تصدیق یا تردید کیے بغیر جاری کیا گیا، جو صحافتی آداب اور پروفیشنلزم کے تقاضوں کے بھی خلاف ہے۔
بغیر ایم ٹیگ یا کم بیلنس والی گاڑیوں سے 50 فیصد اضافی ٹول ٹیکس وصولی روکنے کے حکم میں توسیع
سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے راولاکوٹ اور اس کے مضافات میں 27 سے 31 جولائی کو پیش آنے والے واقعات کے حوالے سے لگائے گئے الزامات جھوٹے، گمراہ کن اور منظم مس انفارمیشن پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ الزامات حقائق کے منافی ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف مسلح جتھوں کی منظم کارروائیوں کے ذریعے امن عامہ اور ریاستی رٹ کو ختم کرنے کی کوشش کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کی حالیہ مسلح کارروائیوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار شہید اور زخمی ہوئے، جبکہ پولیس اور رینجرز کی گاڑیوں کو بھی جلایا گیا اور نقصان پہنچایا گیا۔
محمد راشد حنیف نے کہا کہ کالعدم کمیٹی کے ارکان کے پاس اسلحہ کی موجودگی کے شواہد 27 جولائی کو نمائندہ اے جے کے پولیس مظفرآباد کی پریس کانفرنس میں پیش کیے جا چکے ہیں۔ ان کے مطابق انہی ہتھیاروں کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سات اہلکار شہید، 45 سے زائد زخمی اور متعدد معمولی زخمی ہوئے، جو اس بات کی تصدیق ہے کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی اپنے اندر بڑی تعداد میں مسلح عناصر کو پناہ دیے ہوئے ہے اور ریاستی رٹ و امن عامہ کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کی جانب سے اسلحہ اور تشدد کا استعمال کوئی نئی بات نہیں بلکہ ماضی قریب میں بھی اس تنظیم کی سرگرمیوں میں تشدد نمایاں رہا ہے۔ ان کے مطابق سال 2025 میں تنظیم کے تشدد سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تین اہلکار شہید، 52 شدید زخمی اور 350 سے زائد معمولی زخمی ہوئے، جبکہ سال 2024 میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید اور تقریباً 60 شدید زخمی ہوئے، اور یہ تمام واقعات گن فائر کا نتیجہ تھے۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں تنظیم کے دو مسلح کارندوں کے اعترافی بیانات میں یہ اقرار کیا گیا کہ انہیں رینجرز کے ایک اہلکار کو قتل کرنے کے عوض ایک کروڑ روپے انعام دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، جس سے تنظیم کی مالی معاونت کے ذرائع کے حوالے سے تشویشناک سوالات جنم لیتے ہیں۔
سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کے اداروں کی جانب سے تنظیم کے پاس جدید اسلحہ کی موجودگی کے شواہد ویڈیوز اور پریس ریلیز کی صورت میں جاری کیے جا چکے ہیں، اور بی بی سی کو اپنی رپورٹ میں ان مصدقہ شواہد کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کے سیکیورٹی اداروں نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انتہائی تحمل اور پروفیشنلزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ، ڈیڈ باڈیز اپنے پاس رکھنے یا تشدد کے الزامات درست نہیں، جبکہ حکومت آزاد کشمیر کے کسی ادارے کے پاس اس وقت کوئی ڈیڈ باڈی موجود نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے کالعدم تنظیم سے منسلک سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کیا جانے والا پروپیگنڈا گمراہ کن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کالعدم تنظیم کی جانب سے راستوں کی بندش، اشیائے خوردونوش کی گاڑیوں کو روکنے یا جلانے کے دستاویزی اور مصدقہ ثبوت موجود ہیں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عوام اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔
محمد راشد حنیف نے کہا کہ 5 جون کا واقعہ بھی بنیادی طور پر کالعدم تنظیم کی جانب سے مسلح حملے کے جواب میں پیش آیا، جس کے بعد اس تنظیم کو کالعدم قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انہی حقائق کے پیش نظر حکومت آزاد کشمیر نے تنظیم کو انسداد دہشت گردی ایکٹ (Anti-Terrorism Act) کے تحت کالعدم قرار دیا تاکہ امن و امان، ریاستی رٹ اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے، کیونکہ کوئی بھی تنظیم یا فرد ریاست اور قانون سے بالاتر نہیں ہے۔