PM Apna Ghar Program

سفارتی و عسکری کامیابیوں کو معاشی فوائد میں بدلنے کا وقت آ گیا: وزیراعظم

0

نیشنل سکیورٹی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ایک ٹکنگ ٹائم بم کی حیثیت اختیار کرچکی ہے، جس پر قابو پانے کے لیے جلد اپیکس کمیٹی کا اجلاس طلب کرکے سخت فیصلے کیے جائیں گے، بصورت دیگر ملک کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آبادی میں اضافے کو کنٹرول کرنے کے لیے ڈاکٹر شبانہ کی سربراہی میں ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی ہے، جس میں وزیر صحت بھی شامل ہیں، جبکہ وہ خود اس کی صدارت کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ ایک اپیکس باڈی ہے جو آبادی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ جلد اپیکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا، جس میں معاشی اصلاحات کے لیے کیے گئے مشکل فیصلوں کی طرح آبادی میں اضافے کو روکنے کے لیے بھی سخت فیصلے کیے جائیں گے۔
مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی اور موسمیاتی تبدیلیاں ملکی معیشت کے لیے خطرہ ہیں، وزارت خزانہ
گورنر راج مجبوری میں لگایا، سونے کی غیر قانونی کان کنی مکمل بند کردی

وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سونے کی غیر قانونی کان کنی مکمل طور پر بند کردی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کان کنی، مینوفیکچرنگ اور پراسیسنگ کے بعد قیمتی مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینا حکومت کا مشن ہے، جبکہ مستقبل کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے معدنیات کی ویلیو ایڈیشن کا باقاعدہ منصوبہ بھی تیار کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مائننگ کمپنیوں کو معاہدوں کے تحت مقررہ مدت میں سمیلٹرز لگانے کی پابندی کرنا ہوگی اور معدنیات کی ویلیو ایڈیشن سے متعلق پالیسی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعظم کے مطابق بحرانی صورتحال کے ابتدائی چند ہفتوں کے دوران وفاقی حکومت نے 28 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی، جبکہ فیول سبسڈی کی مد میں اب تک 50 ارب روپے خرچ کیے جاچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی اہداف کا حصول ٹیم ورک اور شراکت داری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ قومی مکالمے اور باہمی ہم آہنگی سے وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔

ایران اور امریکا کو مذاکرات کی میز پر لانا پاکستان کی غیر معمولی سفارتی کامیابی تھی

اس سے قبل ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 47 سال بعد ایران اور امریکا کو اسلام آباد میں مذاکرات کی میز پر لانا پاکستان کی غیر معمولی سفارتی کامیابی تھی۔ پاکستان خطے میں امن کی بحالی کے لیے مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے انعقاد کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خطے میں امن کے قیام کے لیے انتھک کوششیں کیں۔ ان کے مطابق اس مذاکراتی عمل کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

ایف بی آر اصلاحات کے ذریعے ٹیکس چوری کی روک تھام

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں بالخصوص سیلز ٹیکس جیسے بالواسطہ ٹیکسوں کی مد میں بڑے پیمانے پر چوری ہوتی رہی ہے، تاہم گزشتہ ڈھائی سال کے دوران طویل عرصے سے زیر التوا اصلاحات پر پیش رفت کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ مالی سال 2025-26 میں اصلاحات کے نفاذ کے نتیجے میں ٹیکس چوری اور بدعنوانی کی روک تھام کے ذریعے ریکارڈ 900 ارب روپے وصول کیے گئے۔ وزیراعظم نے اسے ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ ایف بی آر سے انتہائی کرپٹ عناصر کا خاتمہ کیا گیا ہے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو رواں سال 3.5 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے، تاہم ملک کو جلد از جلد اس شرح کو کم از کم 6 فیصد تک پہنچانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر شاید ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، لیکن ملک کو عزت اور وقار کے ساتھ آگے بڑھانے کے لیے مسلسل محنت، امانت اور دیانت داری کو اپنانا ہوگا۔

وزیراعظم کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کی برآمدات میں 8 فیصد اضافہ ہوا ہے، تاہم برآمدات کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 4 ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، جبکہ تین سال قبل یہ تقریباً ڈیڑھ ارب ڈالر کے قریب تھیں۔

زراعت اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع

وزیراعظم نے زراعت کو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 80 برس کے دوران اس شعبے کو وہ توجہ نہیں دی گئی جس کا یہ مستحق تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ لائیو اسٹاک کے شعبے میں بھی پاکستان کے لیے ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ذہین افراد، محنتی کسانوں، زرخیز زمین، پہاڑوں اور پانی سمیت بے شمار قدرتی وسائل سے نوازا ہے، تاہم ان وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے محنت اور درست منصوبہ بندی ضروری ہے۔

نوجوانوں کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج بھی ہیں اور ایک اہم موقع بھی۔ انہیں جدید ٹیکنالوجی، ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم اور پیداواری روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ آئندہ چند برسوں میں نوجوانوں کے لیے بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا ناگزیر ہے۔

نوجوانوں کو ہنرمند بنانا ہوگا

شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانا ہوں گے۔ آئی ٹی، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، فنی تعلیم اور اسکل ٹریننگ نوجوان نسل کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر نوجوانوں کی تعلیم اور تربیت کے لیے کام کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور انہیں بااختیار بنائے بغیر ملک معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہوسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو معیاری تعلیم اور جدید علوم سے آراستہ کرنا پہاڑوں میں موجود معدنی وسائل سے بھی زیادہ قیمتی اثاثہ ثابت ہوسکتا ہے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نے علامہ اقبال کے اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے پیغام دیا کہ ترقی نئے افکار اور جدید سوچ کے ذریعے ہی ممکن ہے، جبکہ محنت، امانت اور دیانت داری کامیابی اور خوشحالی کے بنیادی اصول ہیں۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.