ینگون: میانمار میں فوج کے تین فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ گزشتہ تین روز کے دوران فوجی فضائی بمباری کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 60 سے تجاوز کرگئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میانمار کی فوج نے ملک کے شمال مشرقی علاقے موئے بائے میں شادی کی ایک تقریب کے مقام کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تقریباً 20 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اس کے علاوہ مغربی ریاست راکھین میں بھی دو الگ الگ فضائی حملے کیے گئے، جن میں متعدد افراد ہلاک ہوئے۔
اداکار سلیم شیخ کی بیٹی کی بارات، عروسی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل
جلاوطن خود ساختہ نیشنل یونٹی گورنمنٹ (این یو جی) نے دعویٰ کیا ہے کہ وسطی میانمار میں جمعرات کے روز ہونے والے ایک فضائی حملے میں بھی 29 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ 2021 میں آنگ سان سوچی کی منتخب حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد سے میانمار میں فوج اور اس کی مخالف مسلح قوتوں کے درمیان خونریز جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔
تنازعات پر نظر رکھنے والے ادارے ACLED کے مطابق میانمار میں جاری خانہ جنگی کے دوران تمام فریقوں کے درمیان ہونے والی لڑائی میں ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ میانمار میں یہ فضائی حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب ایک ہفتہ قبل ایک بین الاقوامی عدالت نے اپنے فیصلے میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف نسل کشی کے الزامات سے متعلق ایک اہم قانونی فیصلہ سنایا تھا۔


