کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت حالیہ ہنگامی اجلاس میں غذائی سال 2026-27 کے لیے گندم درآمد کرنے کی حد 10 لاکھ میٹرک ٹن سے بڑھا کر 25 لاکھ میٹرک ٹن کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔

یہ فیصلہ ملک میں گندم کی دستیابی یقینی بنانے اور آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔ تاہم ای سی سی کے اس فیصلے کی حتمی توثیق وفاقی کابینہ کرے گی۔
اجلاس میں طے ہوا کہ صوبوں کی مجموعی درآمدی طلب تقریباً 17 لاکھ میٹرک ٹن تک پہنچ چکی ہے۔ اس میں پنجاب کے لیے 9 لاکھ 50 ہزار، سندھ کے لیے 4 لاکھ 50 ہزار اور خیبرپختونخوا کے لیے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی ضرورت سامنے آئی ہے، جبکہ بلوچستان کی ضروریات پاسکو کے دستیاب ذخائر سے پوری ہوں گی۔
درآمدی گندم کی خریداری، مال برداری، پورٹ چارجز، ٹیکسز اور دیگر تمام اخراجات متعلقہ صوبائی حکومتیں برداشت کریں گی اور اپنی ضروریات کی تحریری تصدیق کے ساتھ پیشگی ادائیگی یا بینکنگ انتظامات کریں گی۔
گندم لے کر آنے والے بحری جہازوں کو بندرگاہوں پر ترجیحی برتھنگ فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے تاکہ ترسیل میں تاخیر نہ ہو۔
اجلاس میں سرمایہ کاری، تجارت و پیشہ ورانہ تربیت کے وفاقی وزرا شریک ہوئے، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، جی بی کے چیف سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔
سندھ کی نئی فصل کی گندم فروری کے وسط تک مارکیٹ میں دستیاب ہوگی، نئی فصل کی آمد تک مارکیٹ میں گندم کی باقاعدہ فراہمی برقرار رکھی جائے گی۔ گندم کی رسد برقرار رکھنے کے لیے صوبوں نے اپنی ضروریات سے ای سی سی کو آگاہ کیا۔


