وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کا امن خراب کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان، مقدسات کی توہین اور اسلحے کی نمائش پر سخت کارروائی کا حکم
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کا امن خراب کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان، مقدسات کی توہین اور اسلحے کی نمائش پر سخت کارروائی کا حکم

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا ہے کہ علاقے کا امن خراب کرنے اور حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی اور گلگت بلتستان کا امن کسی بھی صورت خراب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ حکومت کی اولین ترجیح باہمی رواداری، بھائی چارے اور بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔
امن و امان کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے بنیادی مسائل میں صحت، تعلیم، بجلی، روزگار اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی شامل ہیں۔ حکومت کی تمام تر توجہ ان حقیقی عوامی مسائل کے حل پر مرکوز ہے، تاہم چند جرائم پیشہ عناصر حکومت کی توجہ ان مسائل سے ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں، جنہیں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
خلائی مخلوق پُراسرار پلان کے ساتھ انسانوں کے درمیان ہیں: سابق پینٹاگون کنٹریکٹر
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اسلحے کی نمائش اور پرائیویٹ گارڈز کا کلچر کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اسلحے کی نمائش کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلحے کی نمائش روکنے میں ناکام رہنے والے پولیس اور انتظامی افسران کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
امجد حسین نے کہا کہ مقدسات کی توہین بھی ایک ناقابل برداشت جرم ہے۔ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور اکابرین اس بات پر متفق ہیں کہ مقدسات کی توہین حرام اور گناہ ہے۔ چند جرائم پیشہ عناصر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے گلگت بلتستان کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں، تاہم حکومت انہیں اس کی اجازت نہیں دے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقدسات کی توہین کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ نفرت انگیز تقاریر کرنے اور سڑکیں بند کرنے والے عناصر کے خلاف بھی قانون حرکت میں آئے گا اور کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس کے دوران انجمن اہلِ سنت والجماعت، انجمن امامیہ، اسماعیلی کونسل اور نوربخشی مکاتب فکر کے علمائے کرام اور اکابرین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے جس انداز میں مخلصانہ کوششیں کر رہے ہیں، وہ قابل تحسین ہیں۔
علمائے کرام اور اکابرین کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کا امن خراب کرنے اور مقدسات کی توہین کرنے والوں کے خلاف حکومت بلا تفریق کارروائی کرے اور حکومتی رٹ قائم رکھے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ علاقے میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کو ان کا غیر مشروط اور مکمل تعاون حاصل ہوگا۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، ڈی آئی جی گلگت، سیکریٹری برائے وزیراعلیٰ، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ، کمشنر گلگت سمیت قانون نافذ کرنے والے تمام متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ انجمن اہلِ سنت والجماعت، انجمن امامیہ، اسماعیلی ریجنل کونسل اور انجمن نوربخشی کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔


