راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا، جس کے اختتام پر مہمان ٹیم نے پاکستان کے 434 رنز کے جواب میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 404 رنز بنا لیے ہیں۔

سری لنکا نے تیسرے روز کھیل کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز سے کیا۔ دن کے اختتام پر دھننجیا ڈی سلوا 167 رنز اور کوشل مینڈس 117 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔
دھننجیا ڈی سلوا اور کوشل مینڈس کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 249 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوچکی ہے، جبکہ پاکستانی بولرز تیسرے روز صرف ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
سموسے اور پکوڑے اخبار میں لپیٹ کر کھانا صحت کے لیے خطرناک، ماہرین نے خبردار کردیا
سری لنکا کو پہلی اننگز میں پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 30 رنز درکار ہیں۔
پاکستان کی جانب سے ثاقب خان اور محمد عباس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خراب روشنی کے باعث دوسرے دن کا کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنا پڑا تھا، جس کے باعث سری لنکن ٹیم نے 27.1 اوورز بیٹنگ کی تھی۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 434 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی تھی۔
پاکستان کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل 93 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے، جبکہ کپتان بابر اعظم، طیب عارف اور محمد طہٰ نے بھی نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔



