پاکستان کے نامور تائیکوانڈو کھلاڑی حمزہ عمر سعید نے انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں منعقد ہونے والی 8ویں ایشین تائیکوانڈو اوپن چیمپئن شپ (G2) میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔
حمزہ عمر سعید نے مینز +87 کلوگرام کیٹیگری میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا اور مسلسل کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ان کی شاندار کارکردگی نے نہ صرف پاکستان کے لیے اعزاز حاصل کیا بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملک کا پرچم بھی بلند کیا۔
پیٹرول قیمتوں میں اضافہ، برطانیہ میں یومیہ 2 لاکھ پاؤنڈ کا پیٹرول چوری ہونے لگا
حمزہ عمر سعید نے گولڈ میڈل کے سفر کا آغاز راؤنڈ آف 16 سے کیا، جہاں انہوں نے بھارت کے منجیت سنگھ راٹھوڑ کو دو راؤنڈز میں شکست دی۔ پہلے راؤنڈ میں حمزہ نے 10-4 جبکہ دوسرے راؤنڈ میں 13-4 سے کامیابی حاصل کی۔
کوارٹر فائنل میں پاکستانی کھلاڑی کا مقابلہ آسٹریلیا کے ایڈن اسٹلی سے ہوا، جہاں حمزہ نے سخت مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی۔ پہلے راؤنڈ میں انہوں نے 12-0 سے واضح برتری حاصل کی، جبکہ دوسرے راؤنڈ میں مقابلہ 8-8 سے برابر رہا۔ تیسرے راؤنڈ میں حمزہ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 12-3 سے کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
سیمی فائنل میں حمزہ عمر سعید کا سامنا میزبان ملک انڈونیشیا کے ایزار فادیح اللہ سے ہوا، جہاں پاکستانی کھلاڑی نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو راؤنڈز میں فتح حاصل کی۔ پہلے راؤنڈ میں حمزہ نے 3-2 جبکہ دوسرے راؤنڈ میں 13-0 سے کامیابی حاصل کرکے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
فائنل مقابلے میں حمزہ عمر سعید نے سلووینیا کے رچرڈ ہانوسوفسکی کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ فائنل کے پہلے راؤنڈ میں پاکستان نے 9-4 سے برتری حاصل کی، جبکہ دوسرے راؤنڈ میں بھی 9-3 سے کامیابی حاصل کرکے مقابلہ اپنے نام کرلیا۔
حمزہ عمر سعید کی اس کامیابی کو پاکستان تائیکوانڈو کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس نے عالمی سطح پر پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کیا ہے۔ ان کی شاندار کارکردگی نے کھیلوں کے میدان میں پاکستان کے لیے ایک اور قابل فخر لمحہ فراہم کیا ہے۔