ایچ ای سی نے امریکہ، پاکستان نالج کوریڈور پروگرام کے تحت 2027ء کے داخلوں کے لیے امریکی جامعات میں پی ایچ ڈی سکالرشپس کا اعلان کر دیا ہے اور پاکستانی طلبہ سے آن لائن درخواستیں طلب کر لی ہیں۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے مطابق یہ سکالرشپ صرف پی ایچ ڈی پروگرام کے لیے مختص ہے، جبکہ ماسٹرز یا ایم ایس سے پی ایچ ڈی پروگرام اس سکالرشپ میں شامل نہیں ہوں گے۔ ترجیح ان امیدواروں کو دی جائے گی جنہیں ایچ ای سی کے ترجیحی شعبہ جات میں امریکہ کی کیو ایس ورلڈ رینکنگ میں شامل ٹاپ 100 جامعات میں داخلہ حاصل ہو گا۔
طوفانی بارشوں سے ملک بھر میں تباہی، 14 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی
اعلان کے مطابق سپرنگ اور سمر 2027ء کے داخلوں کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 اکتوبر 2026ء مقرر کی گئی ہے، جبکہ فال 2027ء کے داخلوں کے لیے درخواستیں 30 مارچ 2027ء تک جمع کرائی جا سکیں گی۔ تمام درخواستیں ایچ ای سی کے آن لائن سکالرشپ پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جائیں گی۔
ایچ ای سی کے مطابق سکالرشپ کو دو مختلف زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے زمرے میں امریکہ کی کیو ایس رینکنگ کی ٹاپ 50 جامعات میں داخلہ حاصل کرنے والے امیدوار شامل ہوں گے۔ ان طلبہ کو یونیورسٹی کے انوائس کے مطابق مکمل ٹیوشن فیس، سالانہ 19 ہزار 200 امریکی ڈالر وظیفہ اور 2 ہزار امریکی ڈالر سالانہ ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی۔
دوسرے زمرے میں کیو ایس رینکنگ میں 51 سے 100 نمبر تک شامل امریکی جامعات میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ شامل ہوں گے۔ ان امیدواروں کو سالانہ 12 ہزار امریکی ڈالر تک ٹیوشن فیس، 19 ہزار 200 امریکی ڈالر سالانہ وظیفہ اور 2 ہزار امریکی ڈالر ہیلتھ انشورنس کی مد میں فراہم کیے جائیں گے۔
سکالرشپ کے لیے اہلیت کی شرائط کے مطابق امیدوار کا پاکستانی یا آزاد جموں و کشمیر کا شہری ہونا ضروری ہے۔ درخواست گزار کے پاس کم از کم 16 سالہ تعلیم، یعنی چار سالہ بیچلر ڈگری ہونی چاہیے اور اس کے تعلیمی کیریئر میں دوسری یا تیسری ڈویژن نہیں ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ امیدوار کسی دوسری سکالرشپ سے بھی مستفید نہ ہو رہا ہو۔
عمر کی حد عام امیدواروں کے لیے 35 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ سرکاری ملازمین، سرکاری جامعات کے مستقل اساتذہ اور منظور شدہ تحقیقی اداروں کے محققین کے لیے عمر کی بالائی حد 40 سال رکھی گئی ہے۔
ایچ ای سی کے مطابق امیدوار کے لیے جی آر ای جنرل ٹیسٹ میں کم از کم 300 نمبر یا ہائر ایجوکیشن ایپٹی ٹیوڈ ٹیسٹ (HAT) میں کم از کم 60 فیصد نمبر حاصل کرنا بھی لازمی شرط ہے۔
ایچ ای سی نے دلچسپی رکھنے والے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ مزید تفصیلات، اہلیت کے معیار اور درخواست جمع کرانے کے طریقہ کار کے لیے ایچ ای سی کی سرکاری ویب سائٹ اور سکالرشپ پورٹل سے رجوع کریں۔